سرینگر//محکمہ موسمیات نے خشک موسمی صورتحال کے چلتے آنے والے ایام میں درجہ حرارت میں مزید کمی آنے کاامکان ظاہر کرتے ہوئے اگلے 48 گھنٹوں کے دوران موسم صاف رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ رواں ماہ کے آخرتک موسمی صورتحال جوںکی توں رہے گی تاہم 24 اور 25نومبر کوشمالی کشمیرمیں کہیں کہیں ہلکی بارش یابرف باری ہونے کاامکان ہے ۔سرینگر میں 15نومبر سے ہی کم سے کم درجہ حرارت نقطہ اننجماد سے نیچے چلا گیا جو تاحال جاری ہے اور اس میں آنے والے دنوں میں مزید گراوٹ آنیکا امکان ہے۔ آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں منفی2سے3ڈگری کا اضافہ ہو گا۔ ادھرشبانہ درجہ حرارت میں مسلسل گرائوٹ کیساتھ ساتھ صبح کے وقت گہری دھند چھائی رہنے اوریخ بستہ ہوائیں چلنے سے لوگوںکاگھروں سے باہرآنا محال بن گیاہے ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق شہر کے درجہ حرارت میں مزید تنزلی آئی ہے اوریہاں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی2.3ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیاجبکہ اس سے قبل کی رات منفی 1.6ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔ سرینگر میں یہ رات رواں موسم کی سرد ترین رات ثابت ہوئی ۔ وادی میںپیر اورمنگل کی درمیانی رات سخت سردی کی لہر جاری رہی۔قاضی گنڈمیں درجہ حرارت منفی 2.2ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ گلمرگ میں منفی0.6، کپوارہ میں منفی 3.0 اورکوکرناگ میں منفی 1.1ریکارڈ کیا گیا ۔ لداخ میں بھی شدید سردی پڑ رہی ہے اور وہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.5ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جبکہ کرگل میں منفی6.5 اور دراس میں منفی 12.8ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔معلوم رہے کہ اس سے قبل سرینگر میں20اور21نومبرکی درمیانی رات منفی1.6ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا تھا جو رواں موسم میں اس مہینے کی سب سے سرد ترین رات تھی ۔19اور 20نومبر کو سرینگر میں درجہ حرارت منفی1.3ڈگری رہا ۔18اور 19نومبر کو منفی 1.5ڈگری، 17اور 18نومبر کی درمیانی رات منفی 2.1ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا ۔