سرینگر // جموں و کشمیر میں مسلسل دوسرے دن بھی کورونا وائرس سے 2افراد فوت ہوگئے ہیں۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4483ہوگئی ہے۔ پچھلے 24گھنٹوں میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 45ہزار 638ٹیسٹ کئے گئے جن میں 2مسافروں سمیت مزید 108افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ جموں و کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 37ہزار 915تک پہنچ گئی ہے۔ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے مزید 108افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں جموں میں 22جبکہ کشمیر میں 86افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثر ہونے والے سبھی 86افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثر ہونے والے 86افراد میں سب سے زیادہ سرینگر میں 40، بارہمولہ میں 11، بڈگام میں 4، پلوامہ میں 9، کپوارہ میں 6، اننت ناگ میں 2، گاندربل میں 7، کولگام میں 1 جبکہ شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 12ہزار 385تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران پچھلے 24گھنٹوں میں کورونا وائرس سے ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ مرنے والے شخص کا تعلق ضلع سرینگر سے ہے۔ وادی میں متوفین کی مجموعی تعداد 2297ہوگئی ہے۔ جموں صوبے کے ادھمپور، سانبہ، کشتواڑم رام بن اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 5اضلاع میں 22افراد کی رپورٹیں مثبت قرار دی گئی ہیں۔ جموں صوبے میں مثبت قرار دئے گئے 22افراد میں 2بیرون ریاستوں سے سفر کرکے جموں پہنچے جبکہ دیگر 20افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں مثبت قرار دئے گئے 22افراد میں جموں میں 11، راجوری میں 2، ڈوڈہ میں 7، کٹھوعہ میں 1 جبکہ پونچھ میں 1شخص کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 25ہزار 138تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران سوموار کو جموں صوبے میں 5دنوں کے بعد ایک شخص کورونا وائرس سے فوت ہوگیا ہے۔ مرنے والے کا تعلق ضلع جموں سے ہے۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 2186تک پہنچ گئی ہے۔