غزہ //فلسطین کے مغربی کنارے میں واقع شمالی گائوں بیتا میں قابض یہودی آبادکاروں کے خلاف احتجاج کے دوران ایک فلسطینی نوجوان اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے. فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ ہوئی اور اسی دوران فائرنگ کی گئی۔نوجوان کو سر میں گولی لگی تھی جسے نابلس کے ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخم کی تاب نہ لاتاہوا چل بسا۔فلسطین کے علاقہ بیتا میں غیرقانونی یہودی آبادکاری کے خلاف شہری رواں برس مئی سے مسلسل احتجاج کر رہے ہیں جہاں غیرقانونی آبادکاری کا سلسلہ جاری ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ ایک فلسطینی کے جاں بحق ہونے کی رپورٹ ملی ہے جس کی وجہ نابلس کے جنوبی علاقے میں مشتعل احتجاج تھا۔بیان میں کہا گیا کہ جھڑپ کے دوران سیکڑوں فلسطینی ٹائر جلا کر احتجاج کر رہے تھے اور اسرائیلی دفاعی فورسز اور اسرائیلی بارڈڑ پولیس کے اہلکاروں پر پتھراؤ کر رہے تھے۔مشرقی بیت المقدس سے جڑے مغربی کنارے کے علاقے میں 4 لاکھ 75 ہزار اسرائیلی آباد کار بس چکے ہیں جہاں پر 28 لاکھ سے زائد فلسطینی بستے ہیں۔فلسطینی مقبوضہ مغربی کنارے کے حصول کے لیے جدوجہد کر ر ہے ہیں۔