دبئی/انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعرات کے روزمردوں کے زمرے میں 'ون ڈے پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ کے لیے نامزد کھلاڑیوں کا اعلان کیا، جس میں دو ایشیائی کرکٹر شامل ہیں۔پاکستان کے کپتان بابر اعظم، بنگلہ دیش کے اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن، جنوبی افریقہ کے جانمن مالان اور آئرلینڈ کے پال ا سٹرلنگ کو 2021میں ون ڈے کرکٹ میں شاندار کارکردگی کے لیے اس باوقار ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔بابر نے اس کیلنڈر سال میں صرف چھ ایک روزہ میچوں میں 67.50کی اوسط سے 405رن بنائے ہیں، جس میں دو سنچریاں بھی شامل ہیں۔ شکیب نے اس سال نو میچوں میں 39.57کی اوسط سے 277رن بنائے اور 17.52کی اوسط سے 17وکٹیں بھی حاصل کیں۔ جانمن ملان نے آٹھ میچوں میں 84.83 کی اوسط سے 509رن بنائے جس میں دو سنچریاں اور دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔ دوسری جانب آئرلینڈ کے لیجنڈری بلے باز پال اسٹرلنگ نے 14میچوں میں 79.66 کی اوسط سے تین سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے 705رن بنائے ہیں۔ انہوں نے سال کا اختتام ون ڈے فارمیٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی کے طور پر کیاہے۔ (یواین آئی)