ممبئی//ہندوستان کے آل راؤنڈر واشنگٹن سندر کا کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں جس سے ان کے جنوبی افریقہ کے خلاف 19 جنوری سے شروع ہونے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے شروعاتی میچ میں کھیلنا مشکوک سمجھاجارہا ہے ۔ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) سندر کی جگہ پر کوئی متبادل کھلاڑی منتخب کرے گا یا نہیں، اس کی فوری اطلاع نہیں ہے لیکن بی سی سی آئی کے افسران نے منگل کے روز سندر کے کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ جنوبی افریقہ کا سفر نہیں کریں گے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ سندر ون ڈے ٹیم کے دیگر ارکان کے ساتھ ممبئی میں ہیں، جہاں سے ٹیم بدھ کی صبح جنوبی افریقہ جائے گی۔ خیال رہے کہ سندر انجری کی وجہ سے تقریباً 10 ماہ سے بین الاقوامی کرکٹ سے دور ہیں ۔ وہ آخری بار مارچ 2021 میں ہندوستان کے لیے کھیلے تھے ۔ وہ حال ہی میں صحت یاب ہوئے تھے اور وجے ہزارے ٹرافی کے لیے تامل ناڈو کے اسکواڈ کا حصہ تھے ، جس میں انھوں نے انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس کے نتیجے میں، انہیں ون ڈے ٹیم میں واپس بلا یا گیا، حالانکہ کورونا انفیکشن کی وجہ سے ان کی بین الاقوامی واپسی عارضی طور پر متاثر ہو سکتی ہے ۔ ہندوستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف 19 اور 21 جنوری کو پارل میں پہلے دو ون ڈے کھیلے گی جبکہ تیسرا میچ 23 جنوری کو کیپ ٹاؤن کے نیو لینڈز اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔یواین آئی