کیف//روس کے یوکرین پرحملے میں 40 فوجیوں سمیت 50 افراد ہلاک ہوگئے۔یوکرین کی پریذیڈینسی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق روسی حملے میں اب تک 40 فوجی اور10 شہری ہلاک ہوئے ہیں۔یوکرین نے جبکہ جوابی کارروائی میں 5 روسی طیارے اورایک ہیلی کاپٹرتباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔روسی حکام کا کہنا ہے کہ ان کے زمینی دستے یوکرین کے مختلف علاقوں میں داخل ہوگئے ہیں جبکہ یوکرین کا ائیرڈیفنس سسٹم تباہ کردیا گیا ہے۔ یوکرین کے صدر ولودیمر زیلنسکی نے جمعرات کو روس کی فوجی مہم شروع کرنے کے بعد ملک میں مارشل لاء نافذ کرنے کا اعلان کردیا۔مسٹر زیلنسکی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ روس نے ملک پر حملہ کیا ہے ۔وزیرداخلہ کے مطابق روسی فوج نے دارالحکومت کیف میں واقع فوجی ڈپو اور ہوائی اڈے پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا۔روسی وزارت دفاع نے کہا کہ روسی حملوں نے یوکرین کی فوج کے فضائی دفاعی ذرائع کو پسپا کردیا ہے اور یوکرین کے فوجی اڈوں کا بنیادی ڈھانچہ ناکارہ ہو گیا ہے۔