عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// مرکزی وزیر برائے ٹرانسپورٹ اور شاہراہیں نتن گڈکری نے جموں و کشمیر میں ایک بڑے شاہراہ منصوبے کی منظوری کا اعلان کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ پانڈاچ سے منیگام (وائل پل کے قریب) تک 12.11 کلومیٹر طویل 4-لین ہائی وے کی تعمیر کے لیے 827.98 کروڑ مختص کیے گئے ہیں۔
یہ منصوبہ سرینگر رنگ روڈ (فیز-IIA) کا حصہ ہوگا اور اس میں ایک بڑا پل، تین چھوٹے پل، تین ری الائنمنٹ اور 51 باکس کلورٹس شامل ہیں۔
گڈکری نے مزید کہا کہ 2.55 کلومیٹر طویل ایک سڑک گاندربل ٹاؤن کے ذریعے گزرے گی۔ اس منصوبے کا مقصد لیہہ اور کرگل کی طرف جانے والے سیاحوں اور سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں کے لیے سفر کو آسان اور محفوظ بنانا ہے۔
نتن گڈکری نے کہا کہ یہ منصوبہ سیاحت کو فروغ دینے، خطے کی سلامتی کو مستحکم کرنے اور مجموعی سفری نظام کو جدید بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ نئی شاہراہ اہم علاقوں تک رسائی کو ہموار کرتے ہوئے سفری سہولیات میں نمایاں بہتری لائے گی۔