نئی دہلی// فوج کے سربراہ جنرل اوپندرا دویدی نے پیر کو کہا کہ جموں و کشمیر میں موجود فعال 80 فیصد دہشت گرد پاکستانی ہیں۔
نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران، فوجی سربراہ نے کہا کہ “دہشت گردی سے سیاحت کی طرف منتقلی” کا عمل شروع ہو چکا ہے، جس کے نتیجے میں تشدد میں کمی آئی ہے اور امرناتھ یاترا جیسے کامیاب ایونٹس کا انعقاد ہوا، جس میں پچھلے سال 5 لاکھ سے زائد یاتری شریک ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے سال 60 فیصد دہشت گرد جو مارے گئے وہ پاکستان سے تھے۔
انہوں نے کہا، “آج کی تاریخ میں، وادی اور جموں علاقے میں موجود باقی دہشت گردوں کا تقریباً 80 فیصد یا اس سے زیادہ پاکستانی ہیں”۔
انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فروری 2021 سے موثر جنگ بندی معاہدہ ہونے کے باوجود دراندازی کی کوششیں اور دہشت گردی کے ڈھانچے ابھی بھی قائم ہیں۔
انہوں نے شمالی کشمیر اور ڈوڈہ-کشتواڑ علاقے میں دہشت گرد سرگرمیوں میں اضافے کا اعتراف کیا لیکن زور دیتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر تشدد کی سطح قابو میں ہے۔
انہوں نے کہا، “امرناتھ یاترا کا پرامن انعقاد، جس میں پچھلے سال پانچ لاکھ سے زیادہ یاتری شریک ہوئے، اور خطے میں انتخابات کا کامیابی سے انعقاد یہ سب ‘دہشت گردی سے سیاحت کی طرف’ منتقلی کے مثبت اشارے ہیں”۔
انہوں نے قومی سلامتی میں میڈیا کے کردار پر بھی زور دیا، اور کہا، “مقامی میڈیا اور سکیورٹی فورسز کے پاس قومی سلامتی اور قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت ہے”۔
دویدی نے کہا “میرا مشن یہ ہے کہ میں فوج کو ایک خود انحصار (اتمنربھر) اور مستقبل کے لیے تیار فورس میں تبدیل کروں، جو قومی سلامتی کا ایک کلیدی ستون ہو اور قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے”۔
کشمیر میں فعال 80 فیصد دہشت گرد پاکستانی ہیں: فوجی سربراہ