یو این آئی
ماسکو// روس کے وزیر صحت میخائل مراشکوف نے کہا کہ ماسکو خطے میں واقع کروکس سٹی ہال پر دہشت گردانہ حملے کے بعد پانچ بچوں سمیت کل 115 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
مراشکوف نے روسیا 24 ٹی وی چینل پر کہا کہ “اب تک، دہشت گردانہ حملے میں 115 افراد زخمی ہوئے ہیں، ہم نے انہیں اسپتال میں داخل کرایا ہے، ان میں سے پانچ بچے ہیں، ایک بچے کی حالت تشویشناک ہے، 110 بالغوں میں سے 60 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔”
واضح رہے کہ جمعہ کے روز ماسکو کے مضافات میں واقع کروکس سٹی ہال میں کنسرٹ کے مقام پر فائرنگ ہوئی جس کے بعد بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق کئی مسلح افراد نے پنڈال کے اندر فائرنگ کی۔ جائے وقوعہ پر ایمرجنسی اور سکیورٹی سروسز راحت رسانی میں مصروف ہیں۔ روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے دہشت گردانہ حملے کا مقدمہ شروع کردیا ہے۔
روسی فیڈرل سکیورٹی سروس (ایف ایس بی) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 60 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گتیرس نے ماسکو کے مضافاتی سٹی کنسرٹ ہال میں دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے جمعہ کے روز ایک بیان میں کہا، “سکریٹری جنرل نے ماسکو کے مضافات میں واقع سٹی کنسرٹ ہال میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے، جس میں مبینہ طور پر کم از کم 40 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔”
واضح رہے کہ ماسکو کے باہری مضافات میں واقع کروکس سٹی ہال میں کنسرٹ کے مقام میں پر جمعہ کے روز فائرنگ کی گئی، جس سے بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی۔ حملے میں 60 افراد ہلاک ہونے اور درجنوں زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔