سری نگر// جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو کہا کہ جموں و کشمیر میں صحت کے جدید نظام اور مضبوط سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے تقریباً 350 جدید صحت کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے جلد شروع کئے جا رہے ہیں۔
ورچوئل موڈ کے ذریعے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں پردھان منتری بھارتیہ جن آ شدھی پریوجنا کے تحت 5 ویں جن آشدھی دیوس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،” وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں، ہم صحت کے شعبے کو مضبوط کر رہے ہیں تاکہ عام لوگوں کی بھلائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ہمارا سب سے بڑا اثاثہ شہریوں کی صحت ہے۔ یوٹی میں جدید صحت کے نظام اور مضبوط سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے تقریباً 350 جدید صحت کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں”۔
اس موقع پر تمام سٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے عوام میں عام ادویات کو مقبول بنانے اور پردھان منتری بھارتیہ جن آ شدھی پریوجنا کے فوائد کو جموں وکشمیر کے ہر کونے تک پہنچانے کے لیے اجتماعی کوششیں کرنے پر زور دیا”۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ معیاری، سستی جنرک ادویات کو عام لوگوں تک پہنچانے کے علاوہ، یہ سکیم خواتین اور نوجوانوں کو خود روزگار کا بہترین موقع فراہم کر رہی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کشمیر کے لوگوں کے لیے معیاری، سستی اور قابل رسائی صحت کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لیے متعارف کرائی گئی اصلاحات پر روشنی ڈالی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ صحت مند اور خوش حال معاشرہ معاشی فوائد اور ہمہ گیر ترقی کو ممکن بنا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن آشدھی کیندروں سے سستی ادویات کے نتیجے میں ملک بھر کے خاندانوں کی بھاری رقم کی بچت ہوئی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ تقریباً 32,000 مریض ہر روز جموں وکشمیر میں 227 کیندروں کا دورہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا،”ہماری کوشش ہے کہ امرت کال کو نشان زد کرنے کے لیے ہر ضلع میں 75 جن اوشدھی کیندر شروع کیے جائیں”۔
جموں و کشمیر میں جدید صحت سہولیات پر مبنی 350 منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں: ایل جی سنہا