بھوبنیشور// نیشنل ایجوکیشن پالیسی (این ای پی) کے تحت دسویں اور بارہویں جماعت کے بورڈ امتحانات اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔
یہ وضاحت نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (این سی ای آر ٹی) کے ڈائریکٹر دینیش سکلانِی نے دی۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ امتحانات کے حوالے سے کسی بھی قسم کی الجھن کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ پالیسی میں یہ بات واضح طور پر بیان کی گئی ہے۔
سکلانی کے مطابق دسویں اور بارہویں کے بورڈ امتحانات میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
دریں اثناء، پانچویں اور آٹھویں جماعت کے طلبہ کے لیے امتحانات کو ثانوی تعلیم کے لیے تیاری کا حصہ بنایا گیا ہے۔
سکلانِی نے مزید کہا کہ جو طلبہ ان امتحانات میں بہتر کارکردگی نہیں دکھا پائیں گے، انہیں دوسری بار امتحان دینے کا موقع دیا جائے گا تاکہ وہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنا سکیں۔
انہوں نے این ای پی میں متعارف کیے گئے 5+3+3+4 کے تعلیمی ڈھانچے کی بھی وضاحت کی، جس میں ثانوی تعلیم کے دو مراحل شامل ہیں: پہلے مرحلے میں نویں اور دسویں جماعت، اور دوسرے مرحلے میں بارہویں جماعت۔
اس دوران، اوڈیشہ میں این ای پی 2020 کے نفاذ پر ایک تین روزہ قومی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونین ایجوکیشن منسٹر نے نیشنل کریکولم فریم ورک (این سی ایف) کے اجراء پر روشنی ڈالی، جو ملک کے تعلیمی نظام میں انقلابی تبدیلیاں لانے کا ہدف رکھتا ہے۔