غلام محمد
سوپور//سرینگر میں منعقدہ 67 ویں قومی اسکول گیمز میں بائز ہائر سیکنڈری سکول سوپور کے ایک نامور والی بال کھلاڑی محمد ساحل پرے نے غیر معمولی صلاحیتوں اور لگن کا مظاہرہ کیا اور انڈر 17 والی بال کے زمرے میں جموں و کشمیر کی نمائندگی کی۔ جموں و کشمیر نے اس ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔محمد ساحل کو ان کی شاندار کامیابی کے اعتراف میں منگل کوسکول میں منعقدہ دعائیہ مجلس کے دوران اعزاز سے نوازا گیا۔پرنسپل مشتاق سوپوری نے سکول سپورٹس شعبہ کی موجودگی میں مدثر شریف اور باقی عملہ کی موجودگی میں انہیں دلی مبارکباد پیش کی۔
سکولی عملے کی طرف سے اس اعتراف اور حوصلہ افزائی نے نوجوان صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور کھیلوں میں عمدہ کارکردگی کو فروغ دینے کیلئے اسکول کے عزم کا اعادہ کیا۔67ویں قومی سکول گیمز میں محمد ساحل پرے کا سفر ان کی لگن کا منہ بولتا ثبوت تھا اور انہیں جو پذیرائی ملی وہ خطے کے خواہشمند کھلاڑیوں کیلئے ایک تحریک ہے۔