محتشم احتشام
پونچھ// انسانی جانوں کو بچانے اور معاشرے میں خون عطیہ کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے مقصد سے 425 فیلڈ ہسپتال پونچھ میں ایک عظیم الشان خون عطیہ (بلڈ ڈونیشن) کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر فوج کے جوانوں اور افسران نے بڑی تعداد میں رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرکے انسانیت دوستی اور سماجی ذمہ داری کی ایک قابلِ تقلید مثال قائم کی۔کیمپ کا انعقاد طبی ماہرین اور ہسپتال انتظامیہ کی نگرانی میں کیا گیا جہاں خون عطیہ کرنے والے اہلکاروں کے تمام ضروری طبی معائنے انجام دیے گئے۔
اس دوران فوجی اہلکاروں نے نہ صرف خون عطیہ کیا بلکہ عوام کو بھی اس نیک اور انسانی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ خون کا ایک عطیہ کسی ضرورت مند مریض کی زندگی بچانے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خون کی مسلسل دستیابی صحت کے نظام کے لیے نہایت ضروری ہے، خصوصاً حادثات، سرجریوں اور ہنگامی طبی حالات میں اس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔کیمپ کے دوران ’’خون عطیہ کریں، زندگیاں بچائیں‘‘ (Donate Blood, Save Lives) کے پیغام کو عام کیا گیا اور لوگوں کو باور کرایا گیا کہ خون عطیہ کرنا ایک محفوظ، آسان اور انسانی ہمدردی پر مبنی عمل ہے۔ فوجی اہلکاروں نے اپنے عملی کردار سے یہ ثابت کیا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ انسانی خدمت کے میدان میں بھی فوج ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے۔ہسپتال انتظامیہ نے خون عطیہ کرنے والے تمام فوجی اہلکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس جذبہ ایثار سے معاشرے میں مثبت پیغام جائے گا اور مزید افراد کو خون عطیہ کرنے کی ترغیب ملے گی۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے فلاحی اور عوامی خدمت کے پروگرام منعقد ہوتے رہیں گے تاکہ ضرورت مند مریضوں کو بروقت خون کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور انسانیت کی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے۔