جموں//پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے یہاں 33ویںپولیس پبلک میلے ،جوگلشن میدان میں19فروری کو منعقد ہوگا،کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں اعلیٰ پولیس حکام نے شرکت کی۔میٹنگ میں پولیس سربراہ نے کہا کہ یہ میلہ کووِڈ- 19عالمی وباء کے بعد تین سال کے وقفے کے بعدمنعقد ہورہا ہے اورحکام کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ میلہ اچھی طرح سے منایا جائے۔انہوں نے میلے میں آنے والے لوگوں کیلئے تمام انتظامات کرنے کی ہدایت دی ۔انہوں نے میلے کیلئے بنائی گئی مختلف کمیٹیوں کے سربراہوں کو کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس سلسلے میں کئے جارہے انتظامات میں کوئی خامی نہ ہو۔انہوں نے حکام سے کہا کہ وہ عام لوگوں کیلئے موزوں مقامات پرکوپنوں کی دستیابی کویقینی بنائیں۔انہوں نے ہدایت دی کہ میلے کیلئے معقول سیکورٹی انتظامات کئے جائیں ۔انہوں نے ٹریفک ،پارکنگ اور بطیہ سہولیات کیلئے مناسب انتظام کرنے کی بھی ہدایت دی۔