شبانہ درجہ حرارت میں اضافہ،آج سے موسم خشک رہے گا
سرینگر//وادی بھر کے بالائی علاقوں خاص کر شمالی و سطحی کشمیر کے پہاڑوں کے علاوہ پیر پنچال کے بالائی علاقوںمیںبرفباری اور میدانوں میں ہلکی برفباری کا مختصر دورانیہ ختم ہوگیا ہے۔موسم کی پیش گوئی بڑی حد تک توقع کے مطابق رہی اور میدانی علاقوں میں برف باری نہیں ہوئی جیسا کہ نسبتاً زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے متوقع تھی۔ایک اور ویسٹرن ڈسٹربنس کے اثر کی وجہ سے جموں و کشمیر کے کچھ حصوں بالخصوص شمالی کشمیر میں آج صبح تک بارش/برفباری کا امکان ہے۔رات کے اوقات میں میدانی علاقوں میں بارش ہونے کی صورت میں برف باری کا بھی امکان ہے کیونکہ اس دوران درجہ حرارت میں کمی آئے گی۔مجموعی طور پر، مغربی ہوائوں کا اثر پہلے ہی جموں و کشمیر سے نکل چکا ہے اور اب زیادہ تر حصوں میں کسی خاص بارش کی نشاندہی نہیں ہورہی ہے، لیکن اونچے علاقوں بارش ہوسکتی ہے کیونکہ ہوا میں نمی رہ گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق23-29 دسمبر تک موسم جزوی طور ابر آلود رہ سکتا ہے۔30 دسمبرسے یکم جنوری تک ابر آلود موسم کیساتھ بکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی بارش/ ہلکی برفباری کے امکانات ہیں۔ 2-3 جنوری کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ادھرکشمیر بھر میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے رات کے درجہ حرارت میں اضافہ اور دن کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے، محکمہ موسمیات نے اگلے 12 گھنٹوں کے دوران برفباری یا بارش کے ایک اور سپیل کی پیش گوئی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت اونچائی والے حصوں میں ہلکی سے درمیانی برف باری اور میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔محکمہ نے کہا کہ اگلے 7 دنوں کے دوران جموں ڈویژن کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے گھنی دھند رہ سکتی ہے۔محکمہ نے بتایا کہ اتوار کی رات سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 4.0 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔گلمرگ واحد مقام تھا جہاں پارہ منفی 2.4 ڈگری سیلسیس پر جا پہنچا۔ پہلگام میں کم از کم درجہ حرارت 2.0 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔