۔27سے 31مارچ تک موسم نا موافق رہیگا کسانوں کو زرعی سرگرمیاں معطل رکھنے کا مشورہ

 یو این آئی

سرینگر//محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں 27 سے 31 مارچ تک موسم نا موافق رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کسانوں سے اس دوران باغوں یا کھیت کھلیانوں سے متعلق اپنے آپریشنز معطل رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔محکمہ موسمیات سرینگر ڈائریکٹر مختار احمد نے کہا کہ 27 مارچ سے دو مغربی ہوائوں کی لہریں یکے بعد دیگرے وارد ہو رہی ہیں جس کے نتیجے میں 27 اور 28 مارچ کو کچھ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ کچھ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں 28 مارچ کی سہ پہر سے 29 مارچ کی شام تک موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں دوسری مغربی ہوا کی لہر کے داخل ہونے کے باعث 29 مارچ کی شام سے 31 مارچ کی دوپہر تک پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔موصوف ڈائریکٹر نے کہا کہ اس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعد میں وادی میں 31 مارچ کی سہ پہر سے 5 اپریل تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کسانوں سے کہا کہ وہ اس دوران باغوں اور کھیتوں سے متعلق آپریشنز معطل رکھیں اور یکم اپریل سے باغوں کی دوا پاشی و دیگر کام شروع کریں۔