۔20ورلڈ کپ کی انعامی رقم کا اعلان

دبئی//یواین آئی// انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اگلے ماہ 13 نومبر کو آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے لیے انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے ۔آئی سی سی کی ویب سائٹ کے مطابق ٹی20 ورلڈ کپ 2022 میں جیتنے والی ٹیم کو 16 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی، جبکہ دوسرے نمبر میں آنے والی ٹیم کو 8 لاکھ ڈالر ملیں گے ۔آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں کُل 16 ٹیمیں حصہ لے گی، آئی سی سی کے اعلان کے مطابق سیمی فائنلز ہارنے والی ٹیموں کو 4، 4 لاکھ ڈالرز ملیں گے ۔دوسری جانب سُپر 12 مرحلے سے باہر ہونے والی 8 ٹیموں کو فی کس 70، 70 ہزار ڈالر دیے جائیں گے جبکہ سُپر 12 مرحلے میں ہر جیت پر 40 ہزار ڈالر ملیں گے ۔سُپر 12 مرحلے میں براہ راست پہنچنے والی 8 ٹیموں میں پاکستان، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، ہندوستان،نیوزی لینڈ، اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔دیگر چار ٹیمیں راؤنڈ مرحلہ کھیل کر ایونٹ کے لیے کوالیفائی کریں گے جس میں گروپ ‘اے ’ میں نمیبیا، سری لنکا، نیدرلینڈز، متحدہ عرب امارات جبکہ گروپ ‘بی’ میں ویسٹ انڈیز، اسکاٹ لینڈ، آئرلینڈ اور زمبابوے شامل ہیں۔پہلے راؤنڈ میں جیتنے والی ٹیم کو 40 ہزار ڈالر ملیں گے جبکہ پہلے راؤنڈ کے بعد ایونٹ سے باہر ہونے والی 4 ٹیموں کو فی کس 40 ہزار ڈالرز ملیں گے ۔ جن ٹیموں کی مہم پہلے راؤنڈ میں شروع ہوگی ان میں نمیبیا، نیدرلینڈز، سری لنکا، متحدہ عرب امارات، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے شامل ہیں۔