یوگا قدیم ورزش،حالیہ برسوں میں مقبولیت میں اضافہ:سرمدحفیظ یوتھ سروسزاورسپورٹس کونسل کے اہتمام سے تقاریب

سرینگر//جموں کشمیرمیں کھیل سرگرمیوں کوفروغ دینے کی خاطر جے اینڈکے سپورٹس کونسل نے بدھ کو یہاں متعددکھیل سہولیات پرتقاریب کاسلسلہ منعقد کیا۔دن کاآغازپولوگرائونڈ کے ملٹی سپورٹس کمپلکس میں یوگ آسن سے ہوا،تقریب کااہتمام سپورٹس کونسل اور آیوش ڈائریکتوریٹ نے مشترکہ طور کیا تھا۔

 

اس کامقصد لوگوں کو صحت مندطرززندگی اور یوگاکی اہمیت سے آگاہ کرناتھا۔اس موقعہ پرطلاب،پیشہ وروں اور بزرگ شہریوں نے یوگاکیا۔آیوش ماہرین نے اس موقعہ پر لوگوں کوصحت مندزندگی سے متعلق رازبتائے۔اس موقعہ پر کھیل کود اور نوجوانوں کے امور کے محکمہ کے سیکریٹری سرمدحفیظ نے کہا کہ یوگاایک قدیم ورزش ہے جس کے ذہن اور جسم پربے شمار مثبت فائدے ہیں۔

 

اس سے تنائو کم ہوتا ہے اورجسم چاک وچوبند ہوتا ہے۔سیکریٹری سپورٹس نے کہا کہ حالیہ برسوں میں یوگاکی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے اور اس تقریب کی کامیابی سے ہمیں مستقبل میںایسی مزید تقاریب منعقد کرنے کاحوصلہ ملا ہے۔اس دوران سپورٹس کونسل اور جموں کشمیررگبی ایسوسی ایشن کے اہتمام سے یہاں 15ویں یوٹی سطح کی رگبی ٹورنامنٹ منعقد ہوئی ،جس کا مقصد خطے میں رگبی کو فروغ دینا تھا اور خواہشمندوں میں اس کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرناتھا۔اس ٹورنامنٹ میں800سے زیادہ مردوخواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔تقریب میں سرینگرضلع مجموعی طور سرفہرست رہا۔محمد اقبال انچار ج نے کھلاڑیوں کی حوصؒہ افزائی کی اور ان پرزوردیا کہ وہ آگے بڑھنے کیلئے سخت محنت کریں۔ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کوٹرافیاں اور اعزازعطا کئے گئے اوراعلی کارکردگی کامظاہرہ کرنے والوں کو پونے میں منعقد ہونے والی قومی مقابلوں کیلئے منتخب کیاگیا۔دوسری تقاریب میں رام بن میں ٹک آف وار اور باکسنگ چیمپین شپ کااہتمام ہوا۔جوڈووومن پریمئر لیگ کاانعقاد کٹھوعہ میں کیاگیا ۔