عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سپیکر عبدالرحیم راتھر نے کل یوسمرگ، ہائیجن، نیل ناگ، ناگ بل اور ملحقہ علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں، ان پر عمل درآمد اور سپیشل ائیریا سسٹین ایبل کمیونٹی سینٹرڈ انیشیٹو (ایس اے ایس سی آئی) کے تحت تجویز کردہ نئے منصوبوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔دوران میٹنگ چیف ایگزیکٹیو آفیسر یوسمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ مالی برس 2026-27 کے دوران جاری اور نئے 21 ترقیاتی منصوبوں کے لئے 357 لاکھ روپے منظور کئے گئے ہیں جن میں سے زائد از 85 لاکھ روپے کی رقم پہلے ہی جاری کی جا چکی ہے۔سپیکر موصوف نے یوسمرگ۔ڈرگٹولن، یوسمرگ۔برگاہ، یوسمرگ۔نیل ناگ، یوسمرگ۔ہائیجن، یوسمرگ۔
فریس ناگ اور یوسمرگ۔سنگِ سفید کو باہم جوڑنے والے ٹریکنگ ٹریلز کے ایک مربوط نیٹ ورک کی ترقی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ قدرتی اور خوبصورت راستے سیاحوں کو منفرد اور یادگار تجربہ فراہم کریں گے اور ساتھ ہی علاقے میںایکو ٹورازم کو فروغ دیں گے۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ جنگلات کی منظوریوں اور دیگر انتظامی معاملات سے متعلق تمام رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کریں تاکہ ترقیاتی کاموں میں تاخیر نہ ہو اور سیاحوں یا مقامی آبادی کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔سپیکر نے یوسمرگ کو جموں و کشمیر کے خوبصورت ترین سیاحتی مقامات میں شمار کرتے ہوئے اس کی قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھتے ہوئے منصوبہ بند اور دیرپا ترقی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا.اس سے قبل سپیکر نے یوسمرگ کے داروان بستی کا دورہ کیا اُنہوں نے وہاںمقامی باشندوں سے ان کی شکایات اور ترقیاتی امنگوں کا جائزہ لیا۔ مکینوں نے اسے ترقی دینے پر زور دیا۔