ریاض// پرتگال کی قومی فٹ بال ٹیم کے کپتان اور شہرہ آفاق کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈونے سعودی عرب کے کلب النصر سے بطور کھلاڑی معاہدہ ہونے کے بعد کہا ہے کہ میں یورپ میں تمام ریکارڈز توڑ چکا، اب ایشیا میں میدان اور میدان کے باہر نئے چیلنجز سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رونالڈو نے النصر مرسول پارک اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں منفرد کھلاڑی ہوں، میرا یہاں آنا اچھا ہے ، میں یورپ میں تمام ریکارڈز توڑ چکا ہوں اور اب یہاں مزید ریکارڈ بنانا چاہتا ہوں۔کرسٹیانو رونالڈو نے انگلینڈ کا فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ چھوڑنے کے بعد النصر سے ڈھائی سالہ معاہدہ کرلیا ہے ، اس حوالے سے میڈیا کا خیال ہے کہ ان کا معاہدہ 20 کروڑ یورو (21 کروڑ 40 لاکھ ڈالر) میں ہوا ہے ۔رونالڈو سعودی عرب کے کلب آنے سے قبل اسپین کے مشہور ریال میڈرڈ کلب کو 2009 سے 2018 کے دوران دو مرتبہ لالیگا، دو مرتبہ اسپینش کپ، 4 مرتبہ چمپیئنز لیگ اور 3 مرتبہ کلب ورلڈ کپ میں کامیابی دلا چکے ہیں۔انہوں نے اٹلی کے فٹ بال کلب یووئنٹس کے ساتھ 3 برس کا عرصہ گزارا اور اس دوران انہوں نے 2مرتبہ سیری اے اور ایک مرتبہ کوپا اٹالیا جیتنے کا اعزاز دلایا۔بعد ازاں وہ ایک مرتبہ پھر انگلینڈ کے مشہور کلب مانچسٹر یونائیٹڈ میں واپس آئے جہاں انہوں نے اپنے پہلے دور میں تین مرتبہ پریمیئرلیگ کا تاج سجایا تھا اور 3 مرتبہ ایف اے کپ، دو مرتبہ لیگ کپ، چمپیئنز لیگ اور کلب ورلڈ کپ جیتنے میں بنیادی کردار ادا کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ یورپ میں میرا کام ختم ہو چکا ہے اور مجھے اپنی زندگی کا یہ بڑا فیصلہ کرنے پر فخر ہے ۔رونالڈو نے بتایا کہ میں یہاں جیتنے ، کھیلنے اور تفریح کرنے اور ملک اور ثقافت کی کامیابی کا حصہ بنے آیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں سب کچھ جیت چکا ہوں، میں یورپ کے سب سے اہم ترین کلبوں میں کھیل چکا ہوں اور اب میرے سامنے ایشیا میں نیا چیلنج ہے ۔رونالڈو نے بتایا کہ انگلینڈ کا فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ چھوڑنے کے بعد ان کے پاس دنیا بھر سے متعدد پُرکشش معاہدوں کی پیش کش تھی لیکن میں نے النصر کے ساتھ معاہدہ کیا کیونکہ یہ قدم مجھے میدان کے باہر بھی متاثر کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔رونالڈو نے کہا کہ میں فٹ بال کلب النصر کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے نوجوان نسل میں فٹ بال کو فروغ دینے کا موقع دیا، جس میں خواتین بھی شامل ہیں، میرے لیے یہ ایک چیلنج ہے لیکن میں بہت خوش اور فخر محسوس کر رہا ہوں۔