گاندربل//گاندربل کے علاقہ بونہ ہامہ میں واقع زرعی یونیورسٹی کے فارسٹری شعبہ میں زیر تعلیم طلبا نے ہوسٹل میں بنیادی سہولیات کے فقدان کے پیش نظر شعبہ کے مرکزی دروازے پر تالہ لگاکر احتجاجی مظاہرے کئے۔اس موقع پر احتجاجی طلبا نے بتایا کہ پچھلے ایک ماہ سے ہوسٹل میں پانی ہے نہ بجلی اور نہ ہی دیگر ضروریات زندگی میسر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئے ۔ گاندربل میں واقع یونیورسٹی کے اس شعبے میں جموں کشمیر اور ملک کی دیگر ریاستوں کے سینکڑوں نوجوان زیر تعلیم ہیں۔احتجاجی طلبا نے بتایا کہ پچھلے ایک ماہ سے وہ گوناگوں مشکلات کا سامنا کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہوسٹل میں پینے کے پانی کی اور بجلی کی عدم دستیابی کا سامنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بجلی سپلائی شیڈول کے مطابق فراہم نہیں کی جاتی ہے ۔احتجاجی طلبہ کے مطابق انہوںنے یونیورسٹی سے لیکر فیکلٹی تک سبھی افسران کو آگاہ کیا لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔احتجاجی طلبہ نے تدریسی یا غیر تدریسی عملہ کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی۔ہوسٹل کے وارڈن نے اس سلسلے میںکشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ طلبا کی مانگیں جائز ہیں اورواقعی ہوسٹل میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔انہوں نے کہا’’ ہم نے اس بارے میں محکمہ جل شکتی اور بجلی سے رابطہ کیا تھا لیکن وہ لیت ولعل سے کام لے رہے ہیں‘‘۔