ہندوستان ہاردک کی کپتانی میں تیسری ٹی20- سیریز کھیلے گا

رانچی//یو این آئی// ون ڈے سیریز میں مہمانوں کو کلین سویپ کرنے کے بعد، ہندوستان جمعہ کو یہاں جھارکھنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہونے والی تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں نیوزی لینڈ کا سامنا کرے گا۔ہندوستان نے اس سال دونوں ون ڈے سیریز میں شاندار جیت درج کی ہے ، لیکن سری لنکا کے خلاف کھیلی گئی ٹی 20 سیریز جیتنے کے لیے اسے سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کی اہم وجہ یہ ہے کہ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) ہاردک پانڈیا کی کپتانی میں ‘نئے نظریئے ’کے ساتھ ایک نوجوان ٹیم کو میدان میں اتارنا چاہتا ہے ۔سری لنکا کے خلاف اترنے والی ٹیم میں سوریہ کمار یادو اور راہل ترپاٹھی کے علاوہ تمام کھلاڑی 30 سال سے کم عمر کے تھے ۔ کوچ راہل ڈریوڈ نے بھلے ہی روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے ٹی 20 انٹرنیشنل کیریئر کے خاتمے کو مسترد کیا ہو، لیکن فی الحال ٹیم سینئر کھلاڑیوں کی موجودگی کے بغیر ہی کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں چیلنجز کا سامنا کررہی ہے ۔

 

پانڈیا مسلسل تیسری ٹی 20سیریز میں ایک نوجوان پلٹن کے ساتھ میدان میں اتریں گے ۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے فوراً بعد، ہندوستانی ٹیم پانڈیا کی کپتانی میں ٹی 20سیریز کھیلنے نیوزی لینڈ گئی جہاں مہمان ٹیم نے 1-0 سے کامیابی حاصل کی۔ ہندوستان کی اس جیت میں سب سے بڑا تعاون موجودہ ٹی ٹوئنٹی کے نائب کپتان سوریہ کمار یادو سنچری نے کیا۔ سال 2022 کے بہترین ٹی ٹوئنٹی کرکٹر یہاں بھی اپنی فارم کو جاری رکھنا چاہیں گے ۔سوریہ کمار سے پہلے ٹیم انتظامیہ کو اوپنرز شبھمن گل اور ایشان کشن سے بھی امید ہوگی۔ گل اور کشن نے ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچریاں اسکور کی ہیں لیکن ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں وہ ہندوستان کو متوقع تیز شروعات نہیں دے سکے ۔ دونوں کا ٹی 20انٹرنیشنل میں اسٹرائیک ریٹ 130 سے [؟][؟]کم ہے اور وہ نیوزی لینڈ کے خلاف اسے بہتر کرنا چاہتے ہیں۔گل اور کشن کے علاوہ پرتھوی شا اس سیریز میں ہندوستان کے تیسرے اوپننگ آپشن ہیں۔ شا اپنی دھماکہ خیز بلے بازی سے الیون میں جگہ کے مضبوط دعویدار ہو سکتے ہیں لیکن کپتان پانڈیا کے مطابق انہیں فی الحال اپنی باری کا انتظار کرنا ہو گا۔دیپک ہڈا اور واشنگٹن سندر کے چھٹے اور ساتویں نمبر پر الیون میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کا امکان ہے ، حالانکہ کلدیپ یادو اور یوزویندر چہل کے درمیان آٹھویں نمبر کے لیے جنگ ہو سکتی ہے ۔ ارش دیپ سنگھ کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں تیزی سے ہندوستان کے اہم بالر بنتے جا رہے ہیں۔ شیوم ماوی اور عمران ملک کو ان کے ساتھ ٹیم میں جگہ بنانے کا موقع ملے گا۔رانچی گراؤنڈ پہلے گیند بازی کرنے والی ٹیم کی مدد کرسکتا ہے ۔ یہاں کھیلے گئے 25 ٹی 20میچوں میں سے 16 میں ٹیم نے پہلے گیند بازی کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے ۔ اوس کو ذہن میں رکھتے ہوئے ، کپتان پانڈیا ٹاس جیتنے کی صورت میں بالنگ کا انتخاب کر سکتے ہیں، حالانکہ اگر وہ اپنی ٹیم کو ‘چیلنجنگ’ پوزیشن میں لانے کے منصوبے کے ساتھ جاتے ہیں تو وہ پہلے بلے بازی کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ہندوستان نے اس گراؤنڈ پر اپنے تینوں ٹی 20میچ جیتے ہیں اور وہ چوتھی بار بھی جیتنا چاہے گا۔دوسری طرف، نیوزی لینڈ، جو ہندوستان کے دورے پر اپنی پہلی جیت کی تلاش میں ہے ، ون ڈے سیریز کو بھول کر جلد سے جلد آگے بڑھنا چاہے گا۔