ہندوستان کی میزبانی میں بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 5دسمبر سے

نئی دہلی//یو این آئی// ہندوستان کی میزبانی میں ہونے والے تیسرے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ کا افتتاح 5 دسمبر کو گروگرام کے تاؤ دیوی لال انڈور اسٹیڈیم میں ہوگا۔ کرکٹ ایسوسی ایشن فار دی بلائنڈ ان انڈیا (سی اے آئی بی) نے جمعرات کو اس کا اعلان کیا۔سی اے بی آئی اور سمرتھنم ٹرسٹ کے زیراہتمام منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن ہندوستان کے علاوہ آسٹریلیا، بنگلہ دیش، نیپال، پاکستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ٹورنامنٹ کے 24 میچز پورے ملک کے نو شہروں میں کرائے جائیں گے ۔سی اے آئی بی نے کہا کہ 17 دسمبر تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ کا انعقاد عالمی یوم معذوری کے عالمی دن کی تقریبات کے موقع پر کیا گیا ہے ۔ افتتاحی تقریب کے بعد تمام حصہ لینے والی ٹیموں کی جانب سے مارچ پاسٹ کیا جائے گا، اس کے بعد ثقافتی پروگرام اور معروف فنکاروں کی جانب سے رقص کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ہندوستان کے سابق اسٹار آل راؤنڈر اور ٹی 20 ورلڈ کرکٹ کپ برائے بلائنڈ کے برانڈ ایمبیسیڈر یوراج سنگھ نے کہاکہ “میں برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر ٹورنامنٹ کا حصہ بننے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔ میں نابینا کرکٹرز کے کرکٹ کے لیے ان کے جذبے اور روزمرہ کے چیلنجز سے لڑنے کے عزم کے لیے ان کی تعریف کرتا ہوں۔ یہ ایک الگ دنیا ہے لیکن یہ دنیا کرکٹ کی ہے ۔ کرکٹ کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ مجھے یقین ہے کہ اس کھیل نے مجھے یہ سکھایا کہ کیسے لڑنا ہے ، کیسے گرنا ہے ، دوبارہ کیسے اٹھنا ہے اور آگے بڑھنا ہے ۔ میں سب سے درخواست کرتا ہوں کہ آگے آئیں اور اس عظیم اقدام کی حمایت کریں۔ ہندوستان کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر وینکٹ سندرم نے اس موقع پر کہاکہ “میں نابینا کرکٹرز کی توانائی، جذبہ اور عزم کی تعریف کرتا ہوں اور خود ایک کرکٹر کے طور پر ان پر فخر کرتا ہوں۔ میں اس ٹورنامنٹ کو دیکھنے اور لطف اندوز ہونے کا منتظر ہوں۔ ہندوستانی ٹیم کے کپتان اجے ریڈی نے کہاکہ”میری 16 کھلاڑیوں کی ٹیم غیر معمولی طور پر حوصلہ افزائی اور کامیابی کے لیے تیار ہے ۔ وہ خود کو مزید چیلنج کرنے اور ہر روز بہترین بننے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر اچھی طرح سے تیار کیا ہے ۔