بانہال//آزادی کا واں سال منانے کی تقریبات کے سلسلے میں گورنمنٹ ڈگری کالج بانہال کے شعبہ اردو نے آزادی کا امرت مہا اتسو کے عنوان سے جمعرات کو تحریک آزادی میں اردو نثر کا رول کے موضوع پر قومی ویبنار کا انعقاد کیا ۔ پروگرام کا آغاز پرنسپل ڈاکٹر منوہر لال کے خطبہ استقبالیہ سے ہوا ۔ انہوں نے مہمانان گرامی قدر کا خوش آمدید کرتے ہوئے ان کی شرکت کو سعادت مندی سے تعبیر کیا ۔ مہمان خصوصی کی حیشیت سے براجمان ڈائریکٹرڈاکٹر شیخ عقیل احمد ،قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی،وزارت تعلیم انسانی وسائل،محکمہ اعلی تعلیم،حکومت ہند نے اپنے صدارتی خطبے میں تحریک آزادی میں اردو نثر کے رول کو سراہا اور کہا کہ اردو نہ صرف ہماری صد سالہ تہزیبی روایات کی پاسدار سیکولر ،پیارومحبت کی زبان ہے جس نے ملک کی ہم آہنگی اور سالمیت کو ایک لڑی میں پرویا ہے ۔ مہمان ذی وقار کے بطور ڈاکٹرمشتاق حیدر نے مجوزہ موضوع پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اردو صحافت تحریک آزادی کا ایک روشن باب ہے جس کے ذکر کے بغیر ہندوستان کی جنگ آزادی نامکمل ہے ۔ انہوں نے نثری شہ پاروں کے ذریعے تحریک آزادی میں نمایاں رول ادا کرنے والے پریم چند ،بیدی ،کرشن چندر ،عصمت ،منٹو، ق،ع،حیدر وغیرہ کی ادبی کاوشوں کو سراہا اور صحافیوں کے کردار ،اردو اخبار ،اودھ پنچ، الہلال ، البلاغ، زمیندار، ہمدرد، نوائے وقت وغیرہ کی صحافتی خدمات کو بھی یاد کیا ۔ پروگرام میں طلاب کی ایک کثیر تعداد اور کالج کے ارکان ممبران نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ نظامت کے فرائض پروگرام کے آرگنائزنگ سکریٹری اور کنوینر سجاد احمد سلطان ، اسسٹنٹ پروفیسر صدر شعبہ اردو نے انجام دیے، تکنیکی معاونت جناب مختار احمد میر ، اسسٹنٹ پروفیسر ،صدر شعبہ سیاسات اور آخر پر اظہار تشکر ڈاکٹر آزاد احمد وانی نے پیش کیا ۔