یو این آئی
چانگژو //ہندوستان کی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو کو جمعرات کو چائنا اوپن 2026 کے خواتین کے سنگلز کے پری کوارٹر فائنل میں میزبان چین کی چین یوفیئی کے ہاتھوں سخت مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں لکشیا سین اور آیوش شیٹی بھی مردوں کے سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں ہار گئے، جس کے ساتھ ہی بی ڈبلیو ایف سپر 1000 ٹورنامنٹ میں ہندوستان کا سفر اختتام پذیر ہوگیا۔ عالمی درجہ بندی میں 12 ویں نمبر پر موجود پی وی سندھو کو دنیا کی چوتھے نمبر کی کھلاڑی چین یوفیئی نے 16-21، 22-20، 21-18 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان دو ہفتوں کے اندر یہ دوسرا مقابلہ تھا۔
گزشتہ ہفتے جاپان اوپن کے فائنل میں دو مرتبہ کی اولمپک تمغہ یافتہ سندھو نے چین یوفیئی کو شکست دے کر خطاب جیتا تھا۔ پہلے گیم میں چین یوفیئی نے 12-6 کی برتری حاصل کی، تاہم سندھو نے شاندار واپسی کرتے ہوئے اسکور 16-16 سے برابر کیا اور پھر اگلے چھ میں سے پانچ پوائنٹس جیت کر پہلا گیم اپنے نام کر لیا۔ دوسرے گیم میں بھی سندھو نے 20-16 پر چار میچ پوائنٹس حاصل کیے، لیکن چین یوفیئی نے مسلسل چھ پوائنٹس جیت کر تمام میچ پوائنٹس بچاتے ہوئے مقابلہ فیصلہ کن گیم تک پہنچا دیا۔ فیصلہ کن گیم میں ابتدا میں سندھو کو برتری حاصل تھی، لیکن آخری لمحات میں چین یوفیئی نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گھنٹہ 29 منٹ تک جاری رہنے والا مقابلہ جیت لیا۔ دونوں کے درمیان اب تک 16 مقابلے ہو چکے ہیں، جن میں یہ سندھو کی نویں شکست ہے۔ دوسری جانب عالمی درجہ بندی میں 23 ویں نمبر پر موجود آیوش شیٹی کو آئرلینڈ کے نہاٹ گوئین کے خلاف 21-15، 13-21، 20-22 سے شکست ہوئی۔