رائے پور//یو این آئی// محمد سمیع (18/3 کی قیادت میں گیند بازوں کی زبردست کارکردگی کے بعد کپتان روہت شرما 51) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے ہفتہ کو یہاں دوسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو 109 کا معمولی ہدف دیا، جس کا تعاقب میزبان ٹیم نے 20.1 اوور میں کر کے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی۔ہندوستانی گیند بازوں نے اس یادگار میچ میں نیوزی لینڈ کے آٹھ بلے بازوں کو دوہرے ہندسے کو بھی عبور نہ کرنے دیا۔ سمیع نے اپنی تیز سوئنگ بالنگ سے کیوی بلے بازوں کو پریشان کرتے ہوئے تین وکٹ حاصل کئے ۔ ہاردک پانڈیا اور واشنگٹن سندر نے دو دو جبکہ محمد سراج، شاردول ٹھاکر اور کلدیپ یادو نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے روہت نے نصف سنچری بنا کر ہندوستان کی جیت کو آسان بنا دیا۔ روہت نے 50 گیندوں میں سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 51 رن بنائے ۔ کپتان کا وکٹ گرنے کے بعد ہندوستان کو ہدف تک لے جانے کا کام شبھمن گل (ناٹ آؤٹ 40) نے انجام کیا۔ہندوستان نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے ۔ سیریز کا آخری میچ اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔