عظمیٰ نیوزسروس
بڈگام//ڈپٹی کمشنر بڈگام اکشے لابرو نے ایک عوامی دربار کے دوران چاڈورہ بلاک کے ہشروگائوں میں 10لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے کھیل کے میدان کاافتتاح کرکے اسے نوجوانوں کیلئے وقف کیا۔اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ کھیل سہولیات مقامی نوجوانوں کی دیرینہ مانگ تھی اورضلع انتظامیہ نے اسے ترجیحی بنیاد پرممکن بنایا۔انہوں نے نوجوانوں سے تاکید کی کہ وہ اس کا بھرپور استعمال کرکے علاقے میں کھیل سرگرمیوں کو فروغ دیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کھیل کے اس میدان میں لازمی ڈھانچہ اور سہولیات مہیارکھی جائیں گی،تاکہ نوجوان ان سے مستفید ہوں۔اس دوران ڈپٹی کمشنر نے نوجوان کرکٹ کھلاڑیوں سے بات چیت بھی کی اور افتتاحی میچ میں شرکت کرنے کیلئے انہیں سراہا۔