سرینگر// فورسز اور پولیس نے گرمائی راجدھانی سرینگر کے انتہائی مصروف ترین بازار ہری سنگھ ہائی سٹریٹ میں اچھانک ناکہ بندی کردی اور جو جہاں تھا، اسے وہاں ہی کھڑا رہنے کیلئے کہا گیا۔مہاراجہ بازار، گونی کھن، ہنومان مندر سڑک، سرائے بل، امیرا کدل اور جہانگیر چوک کو بند کردیا ، نیز دیگر گلی کوچے بھی مکمل طور پر سیل کردیئے۔ پولیس و فورسز کی کارروائی چند منٹ کے دوران عمل میں لائی گئی جس کے بعد بازار میں موجود عام لوگوں کی جامہ تلاشی کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ہری سنگھ ہائی سٹریٹ میں لوگوں کی بہت بڑی قطار لگ گئی جنہیں امرا کدل پل کی جانب تلاشی کے بعد چھوڑا گیا۔ اس دوران لالچوک سے امیرا کدل کی طرف آمد و رفت بھی معطل ہوگئی جبکہ ہری سنگھ ہائی سٹریٹ میں بھی سرگرمیاں بند ہوئیں۔ تاہم جامہ تلاشی اور چیکنگ کے دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی اور کچھ وقت کے بعد ناکہ بندی ختم کی گئی۔لوگوں کو بڑی بڑی قطاروں میں کھڑا کر کے 1990کی یاد تازہ کی گئی۔واضح رہے کہ باغات واقعہ کے بعددو روز قبل انسپکٹر جنرل پولیس کی سربراہی میں پولیس کنٹرول روم میں ہوئی اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں اچانک محاصروں، چیکنگ، ناکے لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ادھر شنگرپورہ پلوامہ کا محاصرہ پرامن طور اختتام پزیر ہوا۔ فورسز نے پیر کی صبح شنگر پورہ نامی بستی کا محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشیاں لیں تاہم کوئی نا خوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔
نوگام کے نزدیک بارودی سرنگ ناکارہ
نیوز ڈیسک
سرینگر//گرمائی دارلحکومت سرینگر کے نوگام علاقے میںجموں شاہراہ پر پیر کی صبح سیکورٹی فورسز کی ایک روڈ اوپنگ پارٹی نے ایک آئی ای ڈی پائی جس کو بعد میں بم ڈسپوزل اسکارڈنے ناکارہ بنا دیا۔م پولیس کے مطابق لوگوں کی حفاظت کیلئے بارودی سرنگ ناکارہ کئے جانے تک پانتہ چھوک نوگام روڑ پر ٹریفک معطل رکھا گیا ۔یہ آئی ای ڈی ٹین کے ایک ڈبے میں نصب کی گئی تھی۔ آئی ای ڈی کو ناکارہ بنانے کے لئے بم ڈسپوزل اسکارڈ طلب کیا گیا جنہوں نے کامیابی کے ساتھ اس کو ناکارہ بنایا اور اس کے بعد سڑک پر ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی۔