ہرنی مینڈھر میں ترسیلی لائنیں مکانوں کی چھتوں کے اوپر انسانی زندگیاں خطرے میں،فوری منتقلی کی مانگ

 جاوید اقبال

مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کے علاقہ ہرنی سے تعلق رکھنے والے کئی لوگوں نے محکمہ بجلی کے اعلیٰ آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کئی لوگوں کے مکانوں کے چھتوں کے اُوپر سے بجلی کی ترسیلی لائنیں گزر رہی ہیں جس کی وجہ سے کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے۔لوگوں نے کہا کہ بجلی کی تاریں لوگوں کے مکانوں کے ساتھ لگی ہوئی ہے لیکن متعلقہ محکمہ کے اعلٰی آفیسران ٹس سے مس نہیں ہورہے ہیں۔اُنکا کہنا تھا کہ متعلقہ محکمہ کے دفاتر کے کئی چکر کاٹنے کے بعد محکمہ نے لائن شفٹ کرنا شروع کی تھی لیکن بعد میں کام کو بند کر دیا گیا اور کئی مہینے گزر جانے کے بعد بھی دوبارہ کام شروع نہیں کیا گیا اُور لوگوں کے مکانوں کے چھت خطرے سے خالی نہیں ہیں ۔لوگوں کا کہنا تھا کہ متعلقہ محکمہ کے آفیسران کی لاپرواہی کی وجہ سے وہ اپنے بچوں کو مکان کے چھت کے اوپر بھی نہیں جانے دیتے کیونکہ کسی بھی وقت کوئی بجلی کی تاروں کے ساتھ لگ سکتا ہے۔ لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ سے ایپل کی کہ متعلقہ محکمہ کے آفیسران کو ہدایت دی جائے کہ فوری طور بجلی کی لائنیں شفٹ کی جائیں تاکہ کوئی حادثہ پیش نہ آئے ۔