سرینگر // جموں کشمیرہائیکورٹ نے سوپور میں ایک خاندان کی طرف سے گزشتہ سال ستمبر میں اُن کے بیٹے کے دوران حراست قتل کے مقدمے کے اندراج اور اس واقعہ کی انکوائری رپورٹ کی نقل حاصل کرنے کیلئے دائر عرضداشت پرانتظامیہ کونوٹس جاری کر دئیے ہیں۔کے این ٹی، کے مطابق جسٹس علی محمد ماگرے پر مشتمل ہائیکورٹ کے بنچ نے انتظامیہ کو اس سلسلے میں 12مئی تک اپنا جواب پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔اہل خانہ کے مطابق اُن کے بیٹے عرفان احمد ڈار کو پولیس نے گزشتہ سال 15 ستمبر کواس کی دکان سے گرفتار کیاتھا اور حراست کے دوران اسے بدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کے باعث وہ ہلاک ہو گیا اور اس کی میت اگلے دن اینٹوں کے بھٹے کے قریب سے ملی تھی۔لواحقین کے مطابق عرفان کے سینے ، سر اور جسم کے دیگر حصوں پر تشدد کے واضح نشانات موجود تھے۔ لواحقین نے عدالت سے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بارہمولہ کے حکم پر کی گئی عرفان کے قتل کی انکوائری رپورٹ کی نقل طلب کرنے کے علاوہ عرفان کے دورا ن حراست قتل کی ایف آئی آر درج کرانے کی درخواست کی ہے۔