مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے سرحدی علاقہ سندوٹ کے گور نمنٹ ہائی سکول کا بیت الخلاء مشکوک حالت میں منہدم ہوگیا ہے تاہم علاقہ کے مکینوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ تعمیرات کے منہدم ہونے کے سلسلہ میں ایک کمیٹی تشکیل دے کر تحقیقات کروائی جائے جبکہ اس عمل میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔مکینوں نے بتایا کہ ہائی سکول کا بیت الخلا ء گزشتہ دنوں مشکوک حالت میں گر گیا ہے ۔انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ کسی شخص نے بیت الخلاء کو جان بوجھ کر منہدم کر دیا ہے جس کے بعد سکول کے بچوں و سٹاف ممبران کیلئے مشکلات پیدا ہوگئی ہیں ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ سرکاری سکول حد متارکہ کے نزدیکی علاقہ میں قائم ہے جہاں پر سرحدی علاقہ کے بچوں کی ایک بڑی تعداد زیر تعلیم ہے ۔مقامی معززین و پنچایتی اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ بیت الخلاء کے منہدم ہونے کے سلسلہ میں تحقیقات کروائی جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ واقعہ میں ملوث افراد کیخلا ف کارروائی عمل میں لائی جائے اور اگر عمارت غیر معیاری تعمیرات کی وجہ سے منہدم ہوئی ہے تو متعلقہ محکمہ کیخلاف کارروائی کی جائے ۔