عظمیٰ نیوزسروس
گول//گول انتظامیہ نےجاری مقدس مہینے رمضان المبارک کے دوران صارفین کو معیاری اشیائے خوردونوش مناسب قیمتوں پر فراہم کرنے کو یقینی بنانے کے لیے گول کے مرکزی بازار میں ایک جامع مارکیٹ معائنہ مہم شروع کی۔یہ معائنہ مہم ایس ڈی ایم گول امتیاز کی نگرانی میں انجام دی گئی، جس میں تحصیلدار گول ہرجیت سنگھ، بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر (بی ڈی او) گول صدام حسین اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اس اقدام کا مقصد بازار میں کاروباری طریقہ کار کی نگرانی کرنا، زائد قیمتوں کی روک تھام کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ ضروری اشیاء سرکاری ضابطوں کے مطابق فروخت کی جائیں۔معائنہ کے دوران مختلف اشیاء کی فروخت کرنے والی 40 سے زائد دکانوں کی تفصیلی جانچ کی گئی۔ ٹیموں نے اشیائے خوردونوش، سبزیوں، دودھ اور دودھ سے بنی مصنوعات اور گوشت فروخت کرنے والی دکانوں کا معائنہ کیا تاکہ معیار اور قیمتوں کے ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ خاص طور پر کھانے پینے کی اشیاء کی تازگی، مناسب ذخیرہ اندوزی کے طریقوں اور صارفین کی سہولت کے لیے نرخ ناموں کی نمائش پر زور دیا گیا۔معائنہ ٹیموں نے وزن کرنے والی مشینوں، پیک شدہ اشیاء کی مدتِ استعمال (ایکسپائری ڈیٹ) اور دکانوں کی عمومی صفائی ستھرائی کا بھی جائزہ لیا۔ تاجروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنی دکانوں میں صفائی برقرار رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ فروخت کی جانے والی تمام اشیائے خوردونوش مقررہ معیار کے مطابق ہوں۔اس مہم کے دوران مارکیٹ ریگولیشن قوانین کی مختلف خلاف ورزیاں بھی سامنے آئیں۔ جس کے نتیجے میں 07 دکانداروں کے خلاف چالان جاری کیے گئے اور قواعد کی خلاف ورزی پر 6,800 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔