عظمیٰ نیوزسروس
جموں// بی جے پی کے سینئر لیڈر اور جموں و کشمیر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سنیل شرما کا کہنا ہے کہ بی جے پی کا ایک وفد سرحدی علاقوں میں تباہ شدہ کاروبار اور رہائش گاہوں کی بحالی کے لیے مرکزی حکومت سے خصوصی پیکیج کا مطالبہ کرنے کے لیے ایک جامع رپورٹ تیار کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک وفد گولہ باری سے تمام متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہا ہے ۔موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو شمالی کشمیر کے ٹنگڈار کا دورہ کرنے کے دوران نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نےکہا’’بی جے پی نے سینئر لیڈروں کا ایک وفد بنایا ہے جو سرحدی علاقوں کا دورہ کر رہا ہے اور وہاں گولہ باری سے متاثر ہونے والے لوگوں سے ملتا ہے اور ان کے مسائل کو سمجھنے کی کوشش کرتا ہے ‘‘۔ان کا کہناتھا’’ہم نے وزارت داخلہ سے ان علاقوں میں نجی یا کمیونٹی سطح کے بنکروں کے تعمیر کا مطالبہ کیا تھا اس کے لئے ایک حکم جاری کیا گیا اور ضلع مجسٹریٹ زمینی سطح پر کام کر رہے ہیں‘‘۔سنیل شرما نے کہا کہ ہمارا دوسرا مطالبہ یہ تھا کہ گولہ باری سے جن لوگوں نے جانیں گنوائی ہیں ان کے کنبوں کے ایک فرد کو سرکاری نوکری دی جائے اس کے لئے بھی لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اعلان کیا ہے ۔انہوں نےکہا’’ہمارا تیسرا مطالبہ یہ تھا کہ جن کے مکان تباہ ہوئے ہیں ان کو بھر پور معاوضہ ملنا چاہئے کیونکہ جموں وکشمیر حکومت کے پاس ان کو بھر پور معاوضہ دینے کی گنجائش نہیں ہے ۔اب بی جے پی کا ایک وفد سرحدی علاقوں میں تباہ شدہ کاروبار اور رہائش گاہوں کی بحالی کے لیے مرکزی حکومت سے خصوصی پیکیج کا مطالبہ کرنے کے لیے ایک جا جامع رپورٹ تیار کرے گا‘‘۔موصوف لیڈر آف اپوزیشن نےکہا’’تاہم ہم نے اس دورے کے دوران ایک اچھی چیز یہ دیکھی کہ لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں نقصان ہوا ہے لیکن جو ہماری حکومت اور فوج نے پاکستان کو جواب دیا لوگ اس سے مطمئن ہیں‘‘۔انہوں نے کہاکہ دنیا کی تاریخ میں ایسا پہلی بار دیکھا گیا کہ دہشت گردی کی حرکت کا ایسا جواب دیا گیا۔