عظمیٰ نیوزسروس
بلاور//بلاور خطے کے دور دراز علاقوں میں دو آرمی بریگیڈ اور موبائل نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے، جو نہ صرف مقامی لوگوں کو تحفظ فراہم کرے گا بلکہ موبائل کنیکٹیویٹی کے ذریعے نگرانی کو بھی یقینی بنائے گا اور دور دراز علاقوں میں رابطے میں آسانی پیدا کرے گا۔اس بات کا انکشاف مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اپنے ذریعہ منعقدہ عوامی دربار کے دوران کیا۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مزید بتایا کہ ایک مسلح بریگیڈ پہلے ہی سرتھل میں قائم کی گئی تھی اور اب اسی طرح کی ایک اور مسلح بریگیڈ بلاور کے رام پور ٹاؤن شپ میں قائم کی گئی ہے۔ اس سے نہ صرف علاقے میں چوبیس گھنٹے فوج کی نگرانی ہو سکے گی بلکہ فوجی اہلکار سول انتظامیہ کے ساتھ متعلقہ بریگیڈیئر اور ڈی ایم کے ساتھ مسلسل رابطے میں بھی رہیں گے۔جہاں تک موبائل نیٹ ورک کا تعلق ہے، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ دور دراز کے علاقے، خاص طور پر بنی علاقے میں لوانگ سے آگے کے علاقے، آزادی کے بعد سے رابطے سے محروم تھے اور صرف کل شام ہی، موبائل ٹاور اور موبائل نیٹ ورک کی تنصیب کے بعد پہلی موبائل فون کال کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف مقامی باشندوں بشمول خاص طور پر طلباء اور نوجوانوں کے لیے ایک بہت بڑی سہولت کے طور پر آیا ہے، بلکہ یہ مسلح افواج کو چوبیس گھنٹے حقیقی وقت کی نگرانی کو برقرار رکھنے کے قابل بھی بنائے گا۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مزید بتایا کہ دھر روڈ کو چوڑا کرنے کے طویل عرصے سے زیر التواء مطالبہ کو حالیہ مسلح تصادم کے تناظر میں وزارت داخلہ اور دفاع سے موصول ہونے والی تحریک کے ساتھ اٹھایا گیا ہے اور بہت جلد بی آر او اس سڑک کو چوڑا کرنے کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے حوالے کر دے گا۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے یاد دلایا کہ پچھلی گرمیوں میں اس خطہ کا بنیادی مطالبہ پینے کے پانی کی قلت سے متعلق تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس علاقے کے لیے منظور شدہ 55جل جیون مشن سکیموں کے ساتھ بھی اس کا خیال رکھا گیا ہے جن میں سے تقریباً 70فیصد کام 131.55کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ نہوں نے کہا کہ اس سے 14875 گھرانوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔امرت2.0اسکیم کے تحت، وزیر نے بتایا کہ بلاور ٹاؤن میں مزید 125گھرانوں کو 11.03کروڑ روپے کی لاگت سے پینے کے پانی کی فراہمی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ انہوں نے سکرالا ماتا کے لیے ایک ماسٹر پلان کی تجویز پیش کی ہے جسے بورڈ کی اگلی میٹنگ میں اٹھایا جا سکتا ہے۔ اس سے یہ پورا علاقہ مسوری وغیرہ جیسے سیاحوں کی ایک نئی صنف کو راغب کرنے کے قابل ہو سکتا ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بین الاقوامی سرحد کے اپنے حالیہ دورے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سات برسوں میں ہیرا نگر سیکٹر کے ساتھ تعمیر کیے گئے تقریباً 2500فیملی بنکر انتہائی آسان پائے گئے ہیں اور مقامی لوگوں کی طرف سے انہیں سراہا گیا ہے کہ اب ایل او سی سمیت دیگر علاقوں سے بھی اسی طرح کے فیملی بنکروں کی تعمیر کے مطالبات موصول ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، یہ اس لیے ہو سکتا ہے کہ ہم نے تقریباً 10سال سے ایسے خاندانی بنکروں کی منصوبہ بندی اور تعمیر کا کام اٹھایا تھا اور ہم نے بہت محتاط انداز میں آگے بڑھا۔ اس کے نتیجے میں انہوں نے کہا، ہیرا نگر سیکٹر میں یہ فیملی بنکرز ملک کے لیے ایک رول ماڈل کے طور پر ابھرے ہیں تاکہ سرحد کے ساتھ دوسری جگہ بنکر بنائے جائیں۔بعد ازاں ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ایک عوامی دربار منعقد کیا جو تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہا۔ اپنی بات چیت کے دوران، وزیر نے لوگوں کو صبر سے سنا اور انتظامیہ کو مطلوبہ ہدایات جاری کرتے ہوئے ان کی شکایات اور مطالبات کو موقع پر ہی دور کرنے کی کوشش کی۔