گوشت قیمتوں میں فی کلو115روپے کا اضافہ

 بلال فرقانی

سرینگر//سرکار کی جانب سے جموں کشمیر میں مٹن کنٹرول آرڈر منسوخ کرنے اور محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کو لائیو اسٹاک کی قیمت مقرر نہ کرنے کی ہدایات کے ایک روز بعد قصابوں نے گوشت میں115روپے کا اضافہ کرتے ہوئے بغیر اجڑی فی کلو کی قیمت650روپے مقرر کی ہے۔اس سے قبل سرکاری نرخ فی کلو اجڑی سمیت 535اور بغیر اجڑی565روپے فی کلو تھی۔ نوٹیفکیشن کے ایک روز بعدہول سیل مٹن ڈیلروں نے گوشت کی قیمت650کلو روپے مقرر کی ہے۔ آل کشمیر بوچرس ایسو سی ایشن کے صدر خضر محمد ریگو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ متعلقین کے ساتھ میٹنگ کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میٹنگ میں ہول سیل ڈیلر بھی موجود تھے،جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ عید تک وادی میں گوشت کی قیمت650روپے ہوگی۔ ریگو نے کہا کہ اگر کوئی قصاب قیمتوں کی خلاف ورزی کریگا تو قصابوں و کوٹھداروں کی انجمن از خود اس کا تدارک کریگی۔