گورنمنٹ پولی تکنیک کالجوں میں صد فیصد داخلوں کو یقینی بنائیں ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے گورنمنٹ پولی تکنیک کالجوں کے کام کاج کا جائزہ لیا

جموں//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اَصغر حسن ساموں نے جموںوکشمیر یوٹی میں گورنمنٹ پولی تکنیک کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے سینئر اَفسران کی ایک میٹنگ منعقد کی ۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے جے کے یوٹی میں پولی تکنیک کالجوں سے متعلق مختلف اَمور بشمول مختلف ٹریڈز میں تناسب ، کم گریڈنگ فارغ التحصیل طلباء ، جاری سول ورکس کی تیز رفتاری اور متعلقہ اَمور پر تفصیلی گفتگو کی۔متعلقہ حکام نے میٹنگ کو اِن کالجوں میں اَنرولمنٹ اور فارغ التحصیل تناسب کو مزید بہتر بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے متعلقہ اَفسران پر زور دیا کہ وہ آنے والے سیشن میں پولی تکنیک کالجوں میں صد فیصد داخلوں کو یقینی بنانے اور ڈراپ آئوٹ فیصد کو کم کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں۔ اُنہوں نے ان سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ پولی تکنیک کو جدید آلات اور مشینری سے اَپ گریڈ کیا جائے جس کے لئے پہلے ہی فنڈزجاری کئے جاچکے ہیں ۔

 

اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس سے طالب علموں کو بدلتی ہوئی دُنیاوی ضروریات اور تقاضوں سے ہم آہنگ رہنے میں مدد ملے گی۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ طلباء کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ہر ماہ پلیسمنٹ مہمات کا اِنعقاد کریں۔اُنہوں نے 23کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے زیر تعمیر مختلف سول کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور جلد اَز جلد تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے کہا کہ محکمہ کی ترقی کو بڑھانے کے لئے سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا کیپکس بجٹ 15کروڑ روپے سے بڑھا کر 69کروڑ کیا گیا ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ پولی تکنیک کے لئے 16بسیں منظور کی گئی ہیں۔