اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ساہیک ہیومن چرٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے سیول، پولیس و فوج کے اشتراک سے آزادی کے 75ویں امرت مہاتسو پروگرام کے تحت قومی یکجہتی کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوا۔ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویڑن گندوہ کے ہیلی پیڈ پر منعقد کرکٹ ٹورنامنٹ میں 88 ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ روئل بھلیسہ و گارڈن گواڑی کے درمیان کھیلا گیا جس میں روئل بھلیسہ نے اپنی مدمقابل ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ اس کے اختتام پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سابق رکن اسمبلی بھدرواہ دلیپ سنگھ پریہار ،ایس ڈی ایم گندوہ ارون کمار بڈیال ،میجر 4 راشٹریہ رائفلز کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران و سیول سوسائٹی نے شرکت کی۔ساہیک ہیومن چرٹیبل ٹرسٹ کے چیئرمین ونے ٹھاکر نے کہا کہ موجودہ دور میں جب نشہ خوری عام ہورہی ہے تو اس کی روک تھام کے کھیل کود کو فروغ دینا لازمی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو اپنا ہنر دکھانے کا موقع ملے۔ ٹرسٹ کے میڈیا ایڈوائزر ارجن ٹھاکر نے انتظامیہ، میڈیا و کرکٹ شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں اس ٹورنامنٹ کو پرامن طریقے سے کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔سابق رکن اسمبلی دلیپ سنگھ پریہار و ایس ڈی ایم ارون کمار بڈیال نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں و ساہیک ہیومن چرٹیبل ٹرسٹ کے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پرامن و منظم طریقے سے اس ٹورنامنٹ کو اختتام تک پہنچایا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سماجی برائیوں سے دور رہ کر کھیل کود کی طرف زیادہ توجہ دیں اور ایک صاف و ستھرا معاشرہ تشکیل دینے میں انتظامیہ کو مکمل تعاون فراہم کریں۔آخر پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔
گندوہ میں منعقد قومی یکجہتی کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر | فائنل میچ میں روئل بھلیسہ نے گارڈن گواڑی کو شکست دی