گندوہ سڑک حادثہ میں نوجوان لقمہ اجل،دوسرا شدید زخمی  | منڈی حادثے میں زخمی ہوا نوجوان زندگی کی جنگ ہار گیا

اشتیاق ملک+عشرت حسین بٹ
ڈوڈہ+منڈی //ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 1 نوجوان جاں بحق و 1 شدید زخمی ہوا ہے جبکہ منڈی حادثہ میں زخمی ہوا نوجوان چل بسا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اتوار کی شام ساڑھے چھ بجے کے قریب ٹھاٹھری سے گندوہ جارہی ایک ٹاٹا سومو زیر نمبر JK06-9240 شورن کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر پانچ سو فٹ نیچے گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 1 نوجوان موقع پر ہی از جان ہوا جبکہ ایک شدید زخمی ہوا۔اس حادثہ کے فوراً بعد ایس ڈی پی او گندوہ عادل ریشو و ایس ایچ او وکرم سنگھ کی قیادت میں پولیس، ایس ایس بی و آرمی کے جوان و مقامی لوگ جائے وقوعہ پر پہنچے اور بچاو کاروائی شروع کی۔امدادی کاروائی کے دوران مہلک نوجوان کی لاش و زخمی شخص کو سب ضلع ہسپتال گندوہ منتقل کیا جہاں پر ابتدائی علاج کے بعد زخمی شخص کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا جس کی شناخت محسن احمد ولد غلام محمد ساکنہ چنگا کے طور پر ہوئی ہے وہیں یاسر حسین ولد محمد شفیع ساکنہ نیلی جاں بحق ہوا ہے جبکہ بتایا جاتا ہے ایک شخص لاپتہ ہے تاہم اندھیرے کی وجہ سے امدادی کاروائی میں دقت آرہی ہے۔ ایس ڈی پی او گندوہ عادل ریشو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایک شخص جاں بحق و ایک زخمی ہوا ہے تاہم عینی شاہدین کے مطابق گاڑی میں تین افراد سوار تھے لیکن سرکاری طور پر دو کی ہی تصدیق ہوئی ہے۔ادھر10روز قبل ایک سڑک حادثے میں زخمی ہوا ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے سیڑی علاقہ سے تعلق رکھنے والا جواں سال عمران احمد ولد محمد ریاض سکنہ سیڑی پونچھ امندیپ ہسپتال امرتسر پنجاب میں زندگی کی جنگ ہار گیا۔ تفصیلات کے مطابق متوفی دس روز قبل کھنیتر پونچھ کے مقام پر ایک موٹر سائیکل حادثے میں شدید زخمی ہوگیا تھا جسے ضلع ہسپتال پونچھ سے ابتدائی علاج و معالجے کے بعد مزید علاج کے لئے امندیپ ہسپتال امرتسر پنچاب لے جایا گیا تھا اور وہاں پر زیر علاج تھا۔ متوفی سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب زندگی کی جنگ ہار گیا جسے بعد ازاں اپنے آبائی علاقہ سیڑی لایا گیا جہاں اسے اتوار کو پْرنم آنکھوں سے سپرد خاک کیا گیا۔