موسمیاتی تبدیلی کشمیر کے ماحولیاتی نظام پر اثر انداز: وزیراعلیٰ
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتے کے روز انصاف اور مفاہمت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے حکام پر زور دیا کہ وہ معمولی الزامات کے ساتھ نظربندوں کو رہا کریں اور حال ہی میں گرفتار کیے گئے افراد کے خلاف مقدمات کو منسوخ کریں، اسے رمضان اور عید سے قبل خیر سگالی کے طور پرتصور کیا جائے۔وزیر اعلیٰ نے یہ ریمارکس بادام واری، سرینگر میں بادام بلاسم فیسٹیول کا افتتاح کرتے ہوئے دئے ۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ سونم وانگچک کی رہائی ایک مثبت پیش رفت ہے، حالانکہ این ایس اے کے تحت ان کی گرفتاری کبھی نہیں ہونی چاہیے تھی۔حراست میں لیے گئے نوجوانوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا عزم ہے اور ہم نے ہمیشہ اس بات کی وکالت کی ہے کہ جو نوجوان معمولی الزامات کے ساتھ پہلی بار بند ہیں ان کے مقدمات کو منسوخ کرکے انہیں فوری رہا کیا جائے، یہ نوجوانوں میں اعتماد اور خیر سگالی کی بحالی کے لیے ضروری ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کشمیر کے سیاحتی شعبے کو درپیش چیلنجوں پر کہا، “بین الاقوامی ٹکٹوں کی قیمتیں اور ایندھن کے سرچارجز سیاحوں کے بہائو کو متاثر کر سکتے ہیں، لیکن ہمیں امید ہے کہ کشمیر کی قدرتی خوبصورتی اور ثقافتی خوبی سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی رہے گی۔” اس سے قبل عمر عبداللہ نے ایس کے آئی سی سی تقریب میں بدلتے ہوئے موسمی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے عبداللہ نے کہا کہ کشمیر میں پہلے ہی درجہ حرارت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ “کس نے سوچا ہوگا کہ فروری میں سرینگر میں اتنا گرم موسم ہوگا؟ یہاں تک کہ درختوں پر پھول بھی معمول سے بہت پہلے کھلنا شروع ہو گئے” ۔انہوں نے مزید کہا کہ پھولوں کا جلد کھلنا ٹیولپ گارڈن کے جلد افتتاح کا باعث بھی بنا ہے، جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ موسمیاتی تبدیلی قدرتی سائیکلوں کو کس طرح متاثر کر رہی ہے۔عمر نے کہا کہ اس طرح کی ماحولیاتی تبدیلیوں کا اثر ٹھنڈے پانی کی ماہی گیری پر بھی پڑے گا، جس سے ملک بھر میں اختراعی طریقوں کو اپنانا اور بہترین طریقوں سے سیکھنا ضروری ہو جائے گا۔ٹرائوٹ فارمنگ کے ساتھ کشمیر کی طویل وابستگی کو اجاگر کرتے ہوئے، عبداللہ نے کہا کہ اس خطے کو اس شعبے میں ایک صدی سے زیادہ کا تجربہ ہے جب سے ٹرائوٹ پہلی بار 1900 میں متعارف کرایا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا 126 سالہ تجربہ رائیگاں نہیں جانا چاہیے۔ ہمیں اپنا علم بانٹنا چاہیے اور یہ بھی سیکھنا چاہیے کہ دوسرے کیا بہتر کر رہے ہیں۔