جموں //جموں سرینگر شاہراہ کے کنارے واقع اودھمپور کے برما نالہ میں گجرات سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان اپنے دوست کی جان بچانے کی کوشش میں غرقآب ہوگئے ۔پولیس کے مطابق سڑک کنارے کپڑے فروخت کرنے والے تین نوجوان جن کا تعلق گجرات سے ہے ، برمانالہ میں نہانے گئے جہاں ان میں سے ایک اچانک پائوں پھسل جانے سے گہرے پانی میں چلاگیا جسے بچانے کیلئے 22سالہ روہت ولد کنو اور20سالہ سورج ولد راجیش ساکنان گجرات حال آدرش کالونی اودھمپور نے پانی میں چھلانگ لگادی لیکن وہ اسے بچانے کی کوشش میں اپنی جان گنوابیٹھے ۔پولیس نے بتایاکہ اطلاع ملنے کے ساتھ ہی پولیس اسٹیشن اودھمپور سے پولیس ٹیم اور ایس ڈی آرایف ٹیم پہنچی اور دو گھنٹے کے آپریشن کے بعد دو نوجوانوں کی نعشیں باہر نکالی گئیں جبکہ تیسرے نوجوان کو بچالیاگیا۔بعد ازاں نعشوں کو ضلع ہسپتال اودھمپور منتقل کیاگیاجہاں قانونی لوازمات انجام دے کر انہیں آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے روانہ کردیاگیاہے ۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ اودھمپور میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔