نئی دہلی //کیرالہ میں سیلاب کی صورتحال بہت سنگین ہے اور سیلاب میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 35 ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 20 تاریخ سے ریاست میں پھر زبردست بارش کے امکان ہیں۔دوسری جانب کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے کہا کہ ریاستی حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں سے نکالے گئے لوگوں کی بحالی کے لیے یہاں 105 امدادی کیمپ کھولے ہیں۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس مینجمنٹ (این ڈی آر ایف) کی کل 11 ٹیمیں بارش اور ممکنہ سیلاب اور کئی اضلاع میں سیلابی پانی کی وجہ سے اعلان کردہ ریڈ الرٹ کے پیش نظر امدادی کارروائیوں کے لیے تعینات کی گئی ہیں۔ وزیراعلی نے بتایا کہ این ڈی آر ایف کی ایک ایک ٹیم پٹھانمٹھیٹا ، اڈوکی ، الپپوزہ ، ارناکولم ، تریشور اور ملاپورم اضلاع میں تعینات کی گئی ہے۔ اڈوکی ، کوٹیم ، کولم ، کنور اور پلکڈ اضلاع میں این ڈی آر ایف کی اضافی پانچ ٹیمیں تعینات کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ہندوستانی فوج کی ایک ایک ٹیم ترواننتا پورم اور کوٹیم اضلاع میں تعینات کی گئی ہے۔ ڈیفنس سیکورٹی کور کی ایک ایک ٹیم کوزی کوڈ اور وایاناڈ اضلاع میں تعینات کی گئی ہے۔