یو این آئی
لکھنؤ// اتر پردیش میں کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز 2022 کے کامیاب انعقاد سے پرجوش، کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر نونیت سہگل نے پیر کو کہا کہ ریاست میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے مقصد سے آنے والے وقت میں اس میں قومی سطح کے کئی بڑے مقابلے منعقد کیے جائیں گے ۔ ڈاکٹر سہگل اور ریاستی اسپورٹس ڈائریکٹر ڈاکٹر آر پی سنگھ کو یہاں کے ڈی سنگھ بابو اسٹیڈیم میں کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز 2022 کے کامیاب انعقاد کے لیے ان کی عزت افزائی کی گئی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر سہگل نے کہا کہ اتر پردیش آنے والے وقت میں کئی بڑے مقابلے منعقد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش حکومت کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے مسلسل کام کر رہی ہے ۔ حکومت کھلاڑیوں کو ہر سہولت فراہم کرے گی تاکہ وہ آگے بڑھ کر ریاست اور ملک کا نام روشن کر سکیں۔ انہوں نے کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز کی شاندار میزبانی کرنے پر پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب کو منعقد کرنا ہمارے لئے ایک بڑا چیلنج تھا لیکن اتر پردیش نے اسے بہت اچھی طرح سے مکمل کیا۔
یہ اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور وزیر کھیل گریش چندر یادو کی رہنمائی سے ممکن ہوا ہے ۔ اس تقریب سے اتر پردیش میں وزیراعظم نریندر مودی کی کھیلو انڈیا مہم کا گراف اورتیزی سے بڑھے گا۔ ریاستی کھیلوں کے ڈائریکٹر ڈاکٹر آر پی سنگھ نے کہا کہ کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز سے یوپی میں کھیلوں کا ایک الگ ماحول پیدا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بڑے ایونٹ نے یوپی کے کھیلوں کی سطح کو بہت بلند کر دیا ہے اور آنے والے دنوں میں اس کے فوائد حاصل ہوں گے ۔