بانہال//کھاہ رائیٹرس ایسوسی ایشن کا ایک اعلی سطحی وفد ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام سے ملاقی ہوا اور ضلع رام بن کے بیشتر علاقوں خاص کر تحصیل بانہال، رامسو اور کھڑی میں بولی جانی والی کھاہ زبان کی ترویج و ترقی کے سلسلے میں ایک عرضداشت پیش کی گئی ۔ وفد میں کھاہستان سے تعلق رکھنے والے ادبی، سماجی و سیاسی شعبوں کے کارکنان بھی شامل تھے ۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام کو شکیل راہی سوہلپوری کی لکھی ہوئی کتاب گرائمر آف کھاہ لینگویج بھی پیش کی گئی ۔وفد نے ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت السلام کو کھاہ زبان و کھاشا قبیلے کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں ۔ اس کے علاوہ کھاہستان کے دیگر مسائل کو بھی اجاگر کیا گیا۔ کھاہستان کے اعلی سطحی وفد نے حکام سے کھاہ زبان کو آئین ہند کے چھٹے شیڈول میں شامل کرنے ، کھاہ زبان کو پرائمری سطح تک متعارف کرانے، سرکاری و جنگلات اراضی پر دیگر قبائل کی طرح مساوی حقوق دینے ، کلچرل اکیڈمی میں کھاہ زبان کا مخصوص سیکشن کا قیام اور تاریخی قلعہ ونشالہ بمقام کھاروان کی تعمیر و تجدید کرنا وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاہ انہوں نے کھاہ زبان میں ریڈیو کشمیر سرینگر اور ریڈیو کشمیر جموں سے مختصر دورانیے کے پروگراموں کو نشر کرنے کی بھی اپیل کی ہے ۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر کو مطلع کیا کہ کھاشا قبیلہ اور کھاہ زبان کو تاریخی پس منظر اور تاریخی شواہد کی روشنی میں منفرد مقام حاصل ہے لیکن بدقسمتی کی وجہ سے اس قبیلہ اور زبان کو ہر دور میں نظر انداز کیا گیا ہے اور استحصال کا یہ سلسلہ ابھی تک جاری یے ۔ وفد میں شامل ممبران نے حکومت پر زور دیا کہ کھاہ زبان کو شیڈول چھ میں شامل کیا جائے تاکہ صدیوں سے رہنے والے کھاشا قوم کو باقی قبیلوں کیطرح وہ مراعات حاصل ہوں جس کا یہ قبیلہ حقدار ہے ۔ اس کے علاوہ کھاہ زبان کو سکولی نصاب میں شامل کرنا، کلچرل اکیڈمی میں مخصوص سیکشن کھولنے، سکول کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کھاہ بولنے والوں کیلیے مخصوص کوٹہ مختص کرنے کے مطالبات کو بھی اجاگر کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر رامبن مسرت الاسلام نے کھاہ رائٹرس ایسوسی ایشن کے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات کو اعلی حکام کی نوٹس میں لانے اور مطالبات کو پورا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام کی طرف ان کے معاملات کو توجہ سے سننے اور انہیں ہر ممکن مدد کرنے کی یقین دھانی کیلئے ان کا شکریہ ادا کیا۔