جموں// (یو این آئی) //سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کٹھوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر جمعے کی رات دیر گئے پاکستانی فوج نے بلا اشتعال بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ وہاں تعینات بھارتی فوج نے حملے کا بھر پور جواب دیا اور طرفین کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہفتے کی صبح قریب پونے پانچ بجے تک جاری رہا۔ذرائع نے بتایا کہ کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم رات بھر کی گولہ باری سے متصل بستیوں میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔دریں اثنا سکیورٹی فورسز نے ضلع پونچھ میں ایل او سی پر کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا ہے۔ یہ آپریشن سکیورٹی اداروں کو موصول ہونے والی خفیہ اطلاعات کی بنا پر شروع کیا ہے۔