برسلز //یورپی پارلیمان نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والی معیشت کی بحالی کے لیے 815 ارب ڈالر کا پیکیج بھاری اکثریت سے منظور کرلیا ہے۔ یورپی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ فنڈ عالمگیر وبا سے متاثرہ یورپی یونین کے رکن ممالک کی اقتصادی صورت حال کو بحال کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق پیکیج کا نام دی ریکوری اینڈ ریزیلینس فیسلٹی (آر آر ایف) ہے، جس کی حمایت میں 582 ارکان نے ووٹ دیا جب کہ صرف 40 نے مخالفت کی اور 69 ارکان نے واک آؤٹ کرکے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ آر آر ایف قرضوں اور امداد پر مشتمل پیکیج آیندہ 3 برس تک دستیاب ہوگا اور یورپی یونین کی حکومتیں اپنی معیشتوں کی بحالی کے منصوبوں کے لیے 13 فیصد تک مالی اعانت کی درخواست کر سکتی ہیں۔