محمد تسکین
بانہال// ضلع رامبن کی سب ڈویژن گول کو رام بن قصبہ اور قومی شاہراہ سے جوڑنے والی اہم رام بن۔گول سڑک پر ٹریفک کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے، کیونکہ میترا کے نزدیک کونسی نالہ پر واقع پل کی آہنی پلیٹیں اکھڑ گئی ہیں جس سے مسافروں کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق احتیاطی تدابیر کے طور پر سڑک کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور پل کی مرمت و معائنہ مکمل ہونے تک ٹریفک بحال نہیں کی جائے گی۔رام بن۔گول سڑک جموں۔سرینگر قومی شاہراہ کے پرانے الائنمنٹ کا حصہ ہے اور یہ سڑک رام بن اور گول سب ڈویژن سمیت ملحقہ علاقوں کی ایک لاکھ سے زائد آبادی کے لیے اہم رابطہ سڑک ہے۔ اس سڑک کی بندش سے مقامی لوگوں، ملازمین، طلبہ اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔بیکن کے ایک عہدیدار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس پل کو پہنچے نقصان کا جائزہ لیا جارہا ہے اور سڑک پر ٹریفک کی جلد بحالی کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔