عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جے اینڈ کے بی جے پی کے جنرل سکریٹری (تنظیم) اشوک کول نے، جموں و کشمیر وقف بورڈ کے چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی کے ساتھ، گاندربل میں الرحیم ٹرسٹ کی طرف سے “اسلوک آلو” کے بینر تلے منعقد “نشہ مکت ابھیان” پروگرام سے خطاب کیا۔جس میں سماجی کارکنوں، مذہبی اسکالرز، نوجوانوں اور مقامی باشندوں کی شرکت دیکھی گئی جنہوں نے معاشرے میں منشیات کے استعمال کے خلاف بیداری پھیلانے کا عزم کیا۔اس موقع پر مولانا اویس قادری اور مولانا غلام رسول حامی بھی موجود تھے۔اشوک کول نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں میں منشیات کی بڑھتی ہوئی لعنت کے خلاف اجتماعی سماجی تحریک کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کا استعمال نہ صرف افراد کو تباہ کر رہا ہے بلکہ بڑے پیمانے پر خاندانوں اور معاشرے کو بھی کمزور کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوان نسل کی تعلیم، اخلاقیات اور تعمیری سرگرمیوں کی طرف رہنمائی کے لیے مذہبی اداروں، سماجی تنظیموں، تعلیمی اداروں اور عوامی نمائندوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کا استعمال ایک سنگین سماجی برائی ہے جس کے لیے معاشرے کے ہر طبقے کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بیداری پیدا کرنے اور نوجوانوں کو نشے سے دور رہنے کی ترغیب دینے میں مذہبی اور سماجی تنظیموں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے الرحیم ٹرسٹ کو پروگرام کے انعقاد اور خطے میں سماجی اصلاح اور عوامی آگاہی کے لیے فعال اقدامات کرنے پر بھی سراہا۔