ڈوڈہ //کورونا کی دوسری لہر کی شدت میں کمی کے بعد تیسری لہر نے بھی دستک دی ہے جس کے بعد حکومتی سطح پر لوگوں سے حفاظتی اقدامات کرنے اور ٹیکہ کاری عمل میں حصہ لینے کی اپیل کی جارہی ہے۔ادھر ڈوڈہ ضلع میں بھی انتظامیہ نے لوگوں سے کورونا کی تیسری لہر سے محفوظ رہنے کے لئے ایس او پیز پر عمل کرنے و ٹیکہ کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر زور دیا ہے۔ضلع انتظامیہ نے محکمہ صحت کے اشتراک سے عوام کو باخبر کرنے کے لئے مذہبی اداروں، پنچائتی و بلدیہ کے نمائندوں کے ذریعے الگ الگ پیغامات جاری کئے ہیں جس میں ضلع کونسل چیئرمین و نائب چیئرمین سمیت، سناتن دھرم سبھا و ایمہ مساجد کی طرف سے مساجد و مندروں سے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلانات کئے جارہے ہیں جس میں 18 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو اپنے نزدیکی مراکز میں جا کر ٹیکہ لگوانے، ماسک کا متواتر استعمال کرنے، عوامی جگہوں پر ہجوم نہ کرنے کی اپیل کی جارہی ہے۔واضح رہے کہ ڈوڈہ ضلع میں ڈھائی لاکھ کے قریب افراد کو ٹیکے لگائے گئے ہیں جبکہ ضلع میں اب تک کورونا وائرس سے 128 ہلاکتیں ہوئیں ہیں اور 7 ہزار سے زائد افراد آج تک کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔