ماسکو//روس کی جانب سے تیار کردہ کووِڈ 19 کی پہلی ویکسین کی دنیا بھر میں مانگ شروع ہوگئی ہے اور ایشیاء ، مشرق وسطیٰ اور لاطینی امریکہ کے 20 ممالک نے روس کو 1 ارب خوارکیں تیار کرنے کا آرڈر دیا ہے۔ لاطینی امریکہ، مشرقی وسطیٰ اور ایشیاء کے کم از کم 20 ممالک نے روس سے کورونا وائرس کی ویکیسن خریدنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔روس کو ابتدائی طور پر 20 ممالک کی جانب سے 1 بلین خوراکیں تیار کرنے کا آرڈر ملا ہے۔ روس کے ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فنڈ (آر ڈی آئی ایف) کے سی ای او نے ویکسین متعارف کروانے کی تقریب میں بتایا کہ انہیں پہلے سے ہی 1 بلین خوراکیں تیار کرنے کا آرڈر مل چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہم دوسرے ممالک میں اپنے پارٹنرز کے ساتھ مل کر سالانہ 500 ملین سے زائد خوراکیں بنانے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ہر وہ چیز جو روس میں تیار ہوتی ہے وہ مقامی افراد کے استعمال کے لئے ہوگی، بیرون ممالک استعمال کے لئے خوراکیں بیرون ممالک میں ہی تیار کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ (آر ڈی آئی ایف) انسانی امداد پروگرام پر کام کر رہی ہے، جس کا مقصد ان ممالک تک کورونا ویکسین کی رسائی دینا ہے جو اسے بنانے اور خریدنے کی سکت نہیں رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ روس نے کووِڈ 19 کے علاج کے لئے تیار کردہ ویکسین کی منظوری دے دی ہے۔ روسی صدر ولادی میر پوتین نے خود اس ویکسین کی منظوری کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ روس یہ مہم سر کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویکسین کی تیاری روس کی سائنسی مہارت کا بھی ثبوت ہے۔ روس کی تیار کردہ اس ویکسین کی دو ماہ قبل انسانوں پر آزمائش کی گئی تھی۔ روس کی وزارت صحت کی منظوری کے بعد اس ویکسین کی بڑے پیمانے پر آزمائش کی جائے گی اور اس کو تیسرے مرحلے میں ہزاروں افراد پر آزمایا جائے گا۔اس طرح کے تجربات کے ذریعے وائرس کا شکار ہونے والے افراد میں اس ویکسین کے اثرات کا مشاہدہ کیا جاتا ہے۔ اس عمل کو ویکسین کی ریگولیٹری منظوری سے قبل ایک طرح سے لازم قراردیا جاتا ہے۔۔ اس وقت کووِڈ19 کی وبا پر قابو پانے کے لیے دنیا بھر میں 100 سے زیادہ ویکسینیں تیار کی جا رہی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ان میں چار حتمی یعنی جانچ کے تیسرے مرحلے میں ہیں اور ان کی انسانوں پر آزمائش کی جارہی ہے۔