بیجنگ / جنیوا / نئی دہلی//کورونا وائرس (کووڈ -19) کا پھیلاؤ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اس سے دنیا بھر میں اب تک 2،43،049 افراد کی موت جبکہ 33،21،168 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ ہندوستان میں بھی کورونا وائرس کا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے اتوار کی صبح جاری تازی ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس وبا سے اب تک 39980 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 1301 لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔ ملک میں اب تک 10633 افراد اس وبا سے ٹھیک بھی ہو چکے ہیں۔امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے دنیا میں سب سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں اور یہیں سب سے زیادہ ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں. دنیا کی سپر پاور مانے جانے والے امریکہ میں اس جان لیوا وائرس سے اب تک 11،32،315 سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 66،364 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔یوروپ میں سب سے شدید متاثر ملک اٹلی میں اس وبا کی وجہ سے اب تک 28710 افراد کی موت ہوچکی ہے اور 209328 لوگ اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔ اسپین کووڈ -19 کے انفیکشن سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے . یہاں اب تک 216582 افراد اس کی زد میں آ چکے ہیں اور 25100 لوگوں کی اس وبا سے موت ہو چکی ہے ۔اس عالمی وبا کے مرکز چین میں اب تک 82877 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 4633 اموات ہوئی ہے ۔ اس وائرس کے حوالہ سے تیار کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق چین میں ہونے والی ا موات کے 80 فیصد کیسز 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے تھے ۔اس درمیان، کورونا وائرس انفیکشن اورموت کے معاملہ میں یوروپی ملک فرانس اور جرمنی میں بھی حالات کافی خراب ہیں۔ فرانس میں اب تک 168518 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور24763 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔ جرمنی میں کورونا وائرس سے 161703 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 6675 لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔اس کے علاوہ برطانیہ میں بھی حالات مسلسل خراب ہوتے جا رہے ہیں. یہاں اب تک اس وبا سے 182260 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 28131 لوگوں کی اس سے موت ہو چکی ہے۔